Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

فواد چوہدری اور فیملی سے احترام کا رشتہ ہے، پرویزالٰہی نے ایک بار پھر معذرت کرلی

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا فواد چوہدری کے بھائی فیصل فرید ایڈوکیٹ کو ٹیلیفون
اپ ڈیٹ 27 جنوری 2023 03:23pm
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بھائی فیصل فرید ایڈوکیٹ کو ٹیلیفون کرکے فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق کہی جانے والی باتوں پر معذرت کرلی۔

گرفتاری کے حوالے سے بیان پر فواد چوہدری کے اہلِ خانہ سے معذرت کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری اور ان کے خاندان سے نہایت احترام و عقیدت کا رشتہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نادانستہ بیان سے فواد چودھری اوراہلخانہ کے جذبات مجروح ہوئے، جس پرافسوس ہے۔

سابق وزیراعلٰی پنجاب نے مزید کہا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری اور جھوٹے پرچے کا اندراج قابلِ مذمت ہے۔

واضح رہے کہ پرویز الٰہی نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو اسمبلی مت توڑو مگر میری ایک نہیں مانی گئی، ہم ایک سال اور کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ خان صاحب کے قریب موجود لوگوں نے ہی پارٹی کی جڑ کاٹی، چار پانچ قریبی لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے، پہلے پکڑا جاتا تو کام ٹھیک رہتا۔

دوسری جانب فواد چوہدری کی گرفتاری کے معاملے پر پرویز الٰہی کی مبینہ آڈیو بھی سوشل میڈیا پرگردش ہے جس میں انہیں کہتے سنا جاسکتا ہے کہ آڈیو فواد چوہدری کو دیرسے گرفتارکیا گیا اگرایک ماہ پہلے ایسا کرلیتے تواسمبلیاں نہ ٹوٹتیں۔

آڈیو میں پی ٹی آئی رہنما کے لئے نامناسب زبان کا استعمال بھی سُنا جاسکتا ہے تاہم تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ یہ آڈیو پرویزالٰہی کی ہی ہےیا نہیں۔

fawad chaudhry

lahore

Chaudhry Pervaiz Elahi

PMLQ

Fawad Chaudhry arrested