Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عدالت نے مونس الہٰی کی اہلیہ کے وکیل کو جواب جمع کروانے کیلئے وقت دے دیا

ملزمہ پر 3 کروڑ 34 لاکھ روپے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج ہے، ایف آئی اے
شائع 27 جنوری 2023 11:52am
مونس الہٰی فوٹو۔۔۔۔ فائل
مونس الہٰی فوٹو۔۔۔۔ فائل

لاہور ہائیکورٹ نے مونس الہٰی کی اہلیہ تحریم الہٰی کے وکیل کو ایف آئی اے کی رپورٹ پر جواب جمع کروانے کے لیے وقت دے دیا، ڈائیریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمہ پر 3 کروڑ 34 لاکھ روپے منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے مونس الہٰی کی بیوی تحریم الہٰی کو ملک سے باہر جانے سے روکنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

ڈائیریکٹر ایف آئی اے لاہور نے رپورٹ جمع کرواتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ تحریم الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج ہے جس میں وہ نامزد ملزمہ ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ نے مونس الہی و دیگر کی درخواستوں پر فیصلہ سنادیا

عدالت نے استفسار کیا کہ منی لانڈرنگ کا ایک مقدمہ عدالت نے خارج کر دیا تھا، جس پر ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ اس میں مونس الہٰی نامزد ملزم تھا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ وہ اب کہاں ہے، جس پر ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ وہ 28 تاریخ کو ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ کہیں آپ اس کا غصہ اس کی بیوی پر تو نہیں نکالنا چاہتے۔

عدالت نے ایف آئی اے کو مقدمہ اور جمع کروائی گئی رپورٹ کی نقل ملزمہ کے وکیل کو دینے کی ہدایت کی۔

امجد پرویز ایڈووکیٹ نے جواب جمع کروانے کے لئے وقت مانگ لیا جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 3 فروری تک ملتوی کردی۔

FIA

Lahore High Court

PMLQ

Monis Elahi

tehreem elahi