Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’پرویز الہیٰ کی رکنیت معطل ہوچکی، چوہدری شجاعت ق لیگ کے صدر ہیں‘

چوہدری شجاعت کو نکال کر پرویزالہیٰ نے 28 جولائی کی طرح اقدام کیے تھے، سالک حسین
شائع 26 جنوری 2023 04:41pm

مسلم لیگ (ق) کے سابق رہنما طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ کی رکنیت معطل ہوچکی ہے، آج کا الیکشن غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔

وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ اور چوہدری سالک حسین نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس سے خطاب میں طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چوہدری شجاعت کی طبیعت بہتر نہیں ہے اس لیے ہم پریس کانفرنس کررہے ہیں۔

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہم چند دنوں میں اجلاس بلائیں گے، پاکستان مسلم لیگ ق موجودہ وفاقی حکومت کا حصہ ہے، ہم چوہدری پرویز الہٰی سے غیرسنجیدگی کی توقع نہیں رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی چند دن پہلے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی باتیں کر رہے تھے، ہم چوہدری پرویزالہٰی کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔

اس موقع پر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت کو نکال کر پرویزالہیٰ نے 28 جولائی کی طرح اقدام کیے تھے، جنرل کاؤنسل کا اجلاس اچانک منعقد نہیں ہوسکتا، کم ازکم 10 دن کا نوٹس دیا جاتا ہے۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ قوم کو دھوکہ دیا جارہا ہے، قانونی اور آئینی طور پر چوہدری شجاعت ق لیگ کے صدر ہیں۔

طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ چوہدری سالک حسین جنرل کاؤنسل کا اجلاس ہم اپنے وقت پربلائیں گے۔

Chaudhry Pervaiz Elahi

PMLQ

Chaudhry Shujat Hussain