Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد، مقدمہ 2 فروری سے شروع ہوگا

عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیے
اپ ڈیٹ 26 جنوری 2023 01:35pm
تصویر/سوشل میڈیا
تصویر/سوشل میڈیا

سٹی کورٹ نے ڈاکٹرعامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

دانیہ شاہ کی جانب سے صحت جرم سے انکارکرنے پرعدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیے۔

کیس کا ٹرائل 2 فروری سے شروع ہوگا، عدالت نے گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔

آج دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کا نام کیا ہے؟ جس کے جواب میں ملزمہ نے کہا میرا نام دانیہ شاہ ہے، عدالت نے پوچھا کہ آپ کے والد کا کیا نام ہے؟ تو دانیہ شاہ نے جواب دیا کہ میرے والد کا نام مختیار ملک ہے۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ 2022 سے پہلے اور بعد میں آپ نے ڈاکٹر عامر کی ویڈیو بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کیں۔

عدالت کے استفسار پردانیہ نے کہا کہ یہ میرے خلاف سازش ہے، یہ اس لیے کیا جا رہا ہے کہ میں ڈاکٹرعامر کا پوسٹ مارٹم کرانا چاہتی تھی۔

عدالت نے کہا کہ آپ پر الزام ہے کہ آپ نے ڈاکٹر عامر کی ویڈیوز ان کی اجازت کے بنا بنائیں، دانیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات ہیں، ایسا کچھ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ دانیہ کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے عامرلیاقت کی نازیبا ویڈیوز لیک کرنے کے الزام میں دو روزقبل لودھراں میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتارکیا تھا۔

Aamir Liaquat Hussain

Dania Shah

City Court