Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن حکام کو دھمکیاں دینے پر فواد چوہدری لاہور سے گرفتار

فرخ حبیب نے پولیس کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی خبریں بھی گرم
اپ ڈیٹ 25 جنوری 2023 10:14am

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو پولیس نے لاہور میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔

ان کی گرفتاری کی خبرسب سے پہلے پارٹی رہنما رہنما فرخ حبیب نے دی۔

ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کہسار میں مقدمہ درج ہے۔

فرخ حبیب نے فواد چوہدری کو گرفتارکر کے لے جانے والی پولیس گاڑی کی ویڈیو ٹوئٹر پر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کو پولیس نے گھر سے گرفتار کیا، میں نے پولیس کی گاڑی کا پیچھا کیا، روکنے کی کوشش بھی کی۔

فرخ حبیب کے مطابق فواد چوہدری کوٹھوکرنیازبیگ سےشہرسےباہرلےکرجایاگیا، اور پولیس انہیں اسلام آبادکی طرف لے کرگئی ہے۔

ایک اور پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر اور فواد چوہدری کے بھائی فیصل حسین کا کہنا ہے کہ فواد کو بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی میں آئے اہلکاروں نے گرفتار کیا۔

تھانہ کہسار میں مقدمہ

آج نیوز کے مطابق فواد فواد چوہدری کے خلاف مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ گزشتہ رات تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا، یہ مقدمہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی درخواست پر درج کیا گیا۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے اشتعال انگیز تقریر کی، انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی ہے، الیکشن کمشنر کلرک کی طرح سائن کردیتا ہے، آپ کا پیچھا سزا دلوانے تک کریں گے، پاکستان کے عوام اس ظلم کو معاف نہیں کریں گے۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشنر، دیگر ممبران اور ان کے خاندانوں کو ڈرایا دھماکایا گیا، ریاست کے انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی، چیف الیکشن کمشنر کو اس لئے ڈرایا گیا تاکہ وہ اپنے فرائض انجام نہ دے سکیں۔

فواد چوہدری کو لاہور کے سیشن کورٹ سے راہداری ریمانڈ کے بعد اسلام آباد منتقل کردیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری پر الیکشن کمیشن حکام کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔

اسلام آباد پولیس حکام کے مطابق فواد چوہدری نے اپنے انٹرویومیں چیف الیکشن کیمشن، ممبران الیکشن کمیشن اور ان کے اہل خانہ کے خلاف دھمکی آمیز الفاظ کا استعمال کیا ، جس کے باعث ان کے ِخلاف مقدمہ درج ہوا اور اس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

عمران خان کی گرفتاری کے خدشات

فواد چوہدری کی گرفتاری سے قبل خبریں گرم تھیں کہ پولیس پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو گرفتار کرنے والی ہے۔

خود پی ٹی آئی کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے والی ہے۔

اس حوالے سے نصف شب کو لاہور میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان زمان پارک میں موجود ہیں، آؤ گرفتارکرکے دکھاؤ۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کوگرفتارکرناپاکستان کےخلاف ایک سازش ہے،پاکستان کواس وقت معاشی بحران کاسامنا ہے، حکومت پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

فواد نے کہاکہ کومت ملک میں الیکشن کرائے، ہوش کےناخن لیں،پاکستان کوکسی امتحان میں نہ ڈالیں،حکومت عمران خان اورعوام سے خوفزدہ ہے۔

انہوں ںے کہاکہ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو پورے پاکستان میں لاک ڈاؤن ہوگا۔

اطلاعات ہیں کہ حکومت آج عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کرے گی، پی ٹی آئی

ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ کہ اطلاعات ہیں کہ کٹھ پتلی حکومت آج رات چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کرے گی، کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔

پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کارکنان کے لئے ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

عمران خان کو گرفتار کرنے کی اطلاعات ہیں، ترجمان پنجاب حکومت

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہے، عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی، عمران خان کو گرفتار کرنے کی اطلاعات ہیں۔

مسرت جمشید چیمہ نے ٹویٹ میں کہا کہ فواد چوہدری ہماری پارٹی کے اہم ترین رہنما ہیں، انہیں یوں غیر قانونی طور پر اغواء کرنا ناقابل قبول ہے، ہم کسی صورت چپ نہیں بیٹھیں گے، ہم سخت ترین احتجاج کریں گے۔

ابھی تک نہیں بتایا گیا فواد چوہدری کو کس جگہ رکھا گیا ہے، حماد اظہر

تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے فواد چوہدری کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری ہمیشہ قانون اور آئین کی بات کرتے ہیں، فواد چوہدری کو ایسے اٹھایا گیا جیسے چور یا دہشت گرد کو اٹھایا جاتا ہے، ابھی تک نہیں بتایا گیا فواد چوہدری کو کس جگہ رکھا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت کا نظام قائم ہے؟ عمران خان کو گرفتار کرنے سے متعلق منصوبہ بندی کی جارہی تھی، چور لٹیرے اپنے کیسز معاف کرارہے ہیں۔

شبلی فراز کا فواد چوہدری کی گرفتاری پر ردعمل

تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے فواد چوہدری کی گرفتاری پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری اس حکومت کی بزدلی کی دلیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ محسن نقوی کو جس گھناؤنے مقصد کے لئے لایا گیا تھا اس نے وہ کام بغیر کسی دیر کیے شروع کر دیا ہے۔

pti

ECP

Fawad Chaudhary

Fawad Chaudhry arrested