لاہورہائیکورٹ نے شہباز گل کیخلاف تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی عبوری ضمانت میں 26 جنوری تک توسیع کردی۔ آئندہ سماعت پر شہباز گل کیخلاف تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کی درخواست پر سماعت کی۔
سرکاری وکیل نے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل کیخلاف تین مقدمات درج ہیں۔ شہباز گل کے وکیل نے کہا کہ ایک مقدمہ چھپایا گیا ہے، چار مقدمات درج ہیں۔ کیا اعلیٰ عدالتوں کے ساتھ ان کا یہ رویہ ہوگا کہ حقائق چھپائیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کہہ رہے ہیں نیا مقدمہ نہیں جبکہ پراسیکیوٹر نے سپریم کورٹ میں کہا کہ مقدمہ درج ہے۔ سیاسی انتقام کے نکتے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ میرے علم میں ایسا کچھ نہیں کہ نیا مقدمہ درج ہوا۔ اس پرعدالت نے ریمارکس دیے، تو پھر اسی پراسیکیوٹر کو بلا لیتے ہیں جس نے سپریم کورٹ میں بیان دیا۔
عدالت نےپی ٹی آئی رہنما کی عبوری ضمانت میں 26 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ اور ہوم سیکرٹری پنجاب کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.