Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نگراں وزیراعلیٰ بننے والے پرویزالٰہی کے قریبی رشتہ دار محسن نقوی کون ہیں

پی ٹی آئی اور چوہدری پرویزالٰہی نے اس تقرری کی شدید مخالفت کی ہے
شائع 23 جنوری 2023 09:51am

نگراں وزیراعلٰی پنجاب کا حلف اٹھانے والے سید محسن رضا نقوی کا تعلق جھنگ کے سید گھرانے سے ہے۔

سال 1978 میں لاہور میں پیدا ہونے والے محسن نقوی نے ابتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل ہائی اسکول سے حاصل کی، پھر گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم رہے اور گریجویشن کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لئے اوہائیو یونیورسٹی امریکا چلے گئے۔

صحافت کی ڈگری حاصل کرنے والے سید محسن رضا نقوی امریکی ٹی وی چینل سی این این سے بطور رپورٹر وابستہ ہوگئے، اعلیٰ تعلیم کے بعد پاکستان لوٹے تو سی این این کے ریجنل ہیڈ بنا دیے گئے، یہ وہ دور تھا جب نائن الیون حملوں کے بعد امریکا نے افغانستان کا رُخ کیا تھا۔ محسن نقوی 2009 تک سی این این سے وابستہ رہے۔

اسی سال انہوں نے پاکستان میں صرف 31 سال کی عمرمیں نجی چینل سٹی نیوز نیٹ ورک کی بنیاد رکھی اورپھرلاہور کے اس چینل کو قومی سطح کی خبروں کیلئے 24 نیوزڈیجیٹل، فیصل آباد کیلئےسٹی 41، جنوبی پنجاب کیلئے روہی ٹی وی، کراچی کیلئے سٹی 21 کے علاوہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے یوکے 44 چینل قائم کیا۔

یہی نہیں محسن نقوی نے لاہور سے مقامی روزنامے ’ڈیلی سٹی 42‘ کا بھی اجراء کیا۔

چینل مالک ہونےکے علاوہ محسن نقوی سیاسی حلقوں میں بھی مضبوط تعلقات رکھتے ہیں۔ وہ مرحوم ایس ایس پی اشرف مارتھ کےداماد، اسمبلی تحلیل کرنے والے سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالہیٰ کی بھانجی کےشوہراورسربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت کے بیٹے سالک حسین کے ہم زلف بھی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ق لیگ کے قائدین سے رشتہ داری کے باوجود محسن نقوی کو سابق صدر اور شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کے خاصا قریب سمجھا جاتا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے محسن نقوی کا نام اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازکی جانب سے بھیجا گیا تھا اور انہیں الییکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ایکٹ 244 اے کے تحت وزیرِاعلیٰ مقررکیا ۔

اس اہم تقرری کے لیے حکومت نے نوید اکرم چیمہ اور احمد نواز سکھیرا جبکہ اپوزیشن نے محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کا نام تجویز کیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کے قائد حذب اختلاف اور قائد حزب اقتدار کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی تک پہنچا، وہاں بھی کسی نام پر اتفاق نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس آیا تھا۔

تاہم پی ٹی آئی کے علاوہ چوہدری پرویزالٰہی کی جانب سے بھی اس تقرری کی شدید مخالفت کی گئی ہے، پی ٹی آئی کا ماننا ہے کہ حسن نقوی پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قریب ہونے کی وجہ سے انتخابات پراثراندازہوسکتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے محسن نقوی کی تقرری مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اپنے امپائر کھڑے کرکے کھیلنا ن لیگ کی تاریخ ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت نیب سے پلی بارگین کرنے والا پبلک آفس ہولڈر نہیں بن سکتا۔

دوسری جانب پرویزالہٰی نے محسن نقوی کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلی بارگین کرنےوالےسےکیسے انصاف کی توقع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ میرا رشتے دار کیسے نگراں وزیراعلیٰ بن سکتاہے، الیکشن کمیشن کا متنازعہ فیصلہ ہرضابطے کے خلاف ہے۔

PDM

Asif Ali Zardari

imran khan

Chaudhry Pervaiz Elahi

Care Taker CM Punjab

Mohsin Raza Naqvi

Politics Jan 23 2021