Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اپوزیشن کا محسن رضا نقوی کی تقرری کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان

اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، فواد چوہدری
اپ ڈیٹ 23 جنوری 2023 11:14am

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے محسن رضا نقوی کی بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب تقرری کو مسترد کردیا ۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کبھی مایوس نہیں کیا، محسن نقوی جیسے متنازع شخص کو وزیر اعلیٰ مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ”اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، کارکنان تیاری کریں، عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔“

اپنے ایک ویڈیو میں بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ محسن نقوی کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن نے ہمیشہ ن لیگ اورپی پی سبسڈری کے طور پر فیصلے سنائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے روز سے ہی کہا جارہا تھا کہ محسن نقوی وزیراعلی ہونگے، انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے پی ٹی آئی کا راستہ روکنے کیلئے محسن نقوی کولایا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ محسن نقوی کی تقرری کو عدالتوں میں چیلنج کریں گے، اداروں سےعوام کا اعتماد اٹھتا جارہا ہے، عوام کو فیصلہ کن تحریک کیلئے سڑکوں پر آنا ہوگا۔ عمران خان کی قیادت میں عوام اپنے فیصلے خود کریں گے، ہم بند کمروں میں ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں گے.

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی جیسے لوگوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے، عوام سمندر کی طرح نکلیں گے اور کتھ پتلیوں کو بہا کر لے جائیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا محسن رضا نقوی کی نگراں وزیراعلیٰ تقرری پر کہنا تھا کہ حارث سٹیل کیس میں 35 لاکھ روپے کی پلی بارگین کرنے والے سے کیسے انصاف کی توقع کی جاسکتی ہے، میرا قریب ترین رشتےدار کیسے نگراں وزیراعلیٰ بن سکتا ہے۔

پرویزالٰہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا متنازع فیصلہ ہر ضابطے کے خلاف ہے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہم سپریم کورٹ جارہے ہیں۔

پی ٹی آئی کی خاتون رہنما مسرت جمشید چیمہ نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ قابل قبول نہیں، پی ٹی آئی نے کھل کر محسن نقوی کی مخالفت کی تھی۔

مسرت جمشید کا کہنا تھا کہ متنازع شخص کی تعیناتی سوالیہ نشان ہے، ہم سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے، ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ عدالت سے رجوع کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی بدنیتی واضح تھی، پہلے سے مشاورت جاری تھی، آج کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متنازع شخص آئے گا تو قانون کی دھجیاں اڑائے گا، ملک میں کوئی آئینی ادارہ آئینی کردار نبھانے کو تیار نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ جب نظام یکطرفہ ہو جائے تو فیصلے سڑکوں پر ہوتے ہیں۔ انتہائی غیر جانبدار ناموں کی موجودگی میں شہباز شریف اور زدراری کے فرنٹ مین کو قائم مقام وزیراعلی لگانا پورے نظام کو ننگا کر گیا۔

بابر اعوان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ثابت کیا وہ اور پی ڈی ایم ایک ہیں، پی ٹی آئی قانونی اور آئینی آپشنز استعمال کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کے ذیلی ادارے کے طور پر کام کرنا ہے تو غریب عوام کے پیسے پر بھاری بھرکم مراعات چھوڑ کر سیاست میں حصہ لیں.

pti

Fawad Chaudhary

Mohsin Raza Naqvi

Politics Jan 23 2021