Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شعیب اختر کا فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے متعلق اہم اعلان

شعیب نے گزشتہ برس اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کی تھی
شائع 22 جنوری 2023 01:48pm

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے متعلق اہم اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انساگرام پر جاری اپنے پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ میں آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ کئی ماہ سوچ و بچار کے بعد میں نے اپنی انتظامی اور قانونی ٹیم کی مدد سے خود کو فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ اور اس کے فلم سازوں سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

شعیب اختر نے مزید لکھا کہ بلاشبہ یہ ایک ڈریم جیکٹ تھا اور میں نے اس کے ساتھ جڑے رہنے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے چیزیں بہتر نہ ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ خوشگوار ماحول میں اختلافات کے حل میں ناکامی اور معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کا نتیجہ ہمارا ان کے ساتھ رابطے کے اختتام کی صورت میں سامنے آیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے تحریر کیا کہ لہٰذا میں نے اپنی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم کے حقوق کو ختم کرنے کے لئے تمام قانونی طریقوں کی تعمیل کرتے ہوئے یہ پروجیکٹ چھوڑ دیا ہے۔

آخر میں شعیب اختر نے خبردار کیا کہ اگر فلم میکرز اس بائیو گرافی پر کام جاری رکھتے ہیں اور کسی بھی طرح میرا نام یا میری کہانی کو فلم میں استعمال کرتے ہیں تو ان کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

گزشتہ برس جولائی میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنی زندگی پر فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ بنائے جانے کی تصدیق کی تھی لیکن یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ فلم میں ان کا کردار کون نبھائے گا ۔

تاہم گزشتہ برس نومبر میں پاکستانی گلوکار اور اداکار عمیر جسوال نے اپنی ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ وہ فلم روالپنڈی ایکسپریس میں لیجنڈری فاسٹ باؤلر کا کردار ادا کریں گے۔

عمیرجسوال نے کردار کی ایک جھلک شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ آپ سب کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں کہ راولپنڈی ایکسپریس میں لیجنڈ شعیب اختر کا کردار ادا کرنے پر مجھے فخر ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

Shoaib Akhtar

Instagram

rawalpindi express

movie