Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شاہی خاندان کا رکن بن کر ہوٹل کو چونا لگانے والا شریف پکڑا گیا

ملزم ہوٹل کے کمرے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی ساتھ لیکر فرار ہوا
شائع 22 جنوری 2023 11:43am
تصویر/ ڈپوزٹ فوٹوز
تصویر/ ڈپوزٹ فوٹوز

بھارتی دارالحکومت دہلی کی پولیس نے ایک شخص کوگرفتارکرلیا، جو خود کو ابوظہبی کے شاہی خاندان کا ملازم بتا کرلگژری ہوٹل میں چارماہ تک قیام کرنے کے بعد 23 لاکھ روپے کا بل ادا کیے بغیر فرار ہوا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت41 سالہ محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے جس پردھوکہ دہی اور چوری کرنے کا الزام ہے، وہ لیلا پیلس نامی ہوٹل میں 4 ماہ تک ٹھہرا تھا۔ اس نے ہوٹل کے کمرے سے چاندی کے برتن اور موتیوں کی ایک ٹرے بھی چرائی تھی۔

ملزم محمد شریف نے ہوٹل کے عملے کو بتایا تھا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے اور کسی سرکاری کام سے ہندوستان میں ہے اور اسے 19 جنوری کو بھارتی ریاست کرناٹک سے گرفتارکیا گیا تھا۔

ہوٹل انتظامیہ نے شکایت درج کرواتے وقت بتایا تھا کہ گرفتارملزم جو ہوٹل کے کمرہ نمبر427 میں رہائش پذیر تھا، اس نے بتایا تھا کہ اس نے ذاتی طور پر ابوظہبی کے شاہی خاندان کے رکن شیخ فلاح بن زید النہیان کے دفتر میں کام کیا ہے۔

ملزم گزشتہ برس یکم اگست سے 20 نومبر تک ہوٹل میں تھا اور 23 لاکھ روپے سے زائد کا بل ادا کیے بغیر فرار ہوگیا، جبکہ اس دوران اس کا کُل 35 لاکھ روپے کا بل بنا تھا جس میں سے اس نے 11.5 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔

ایف آئی آرمیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم نے جعلی بزنس کارڈ، متحدہ عرب امارات کے رہائشی کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات کا استعامل کیا تھا۔

india

UAE

New Delhi

Royal Family