Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور: رات 10 بجے کے بعد کاروبار کرنے والی مارکیٹوں کو لاکھوں روپے جرمانے کا حکم

غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم
شائع 20 جنوری 2023 02:33pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل

لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کیس میں رات 10بجے کے بعد کاروبار کرنے والی مارکیٹوں کو 2لاکھ روپے جرمانہ اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ تدارک کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی۔

سیکرٹری جنرل لاہور سپر مارکیٹ محمد عمران سلیم عدالت میں پیش ہو کر کہا کہ عدالت سے درخواست کرتا ہوں تاحیات رات 10بجے مارکیٹیں بند کرنے کا حکم فرما دیں اور 10بجے کے بعد کھلی رکھی جانے والی مارکیٹوں کو 5لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے،10بجے کے فیصلے کے بعد ہم سکون میں آچکے ہیں ،سب دکانداروں کا اس پر اتفاق ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹوں کو 2لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے،ہمیں اپنا لائف اسٹائل تبدیل کرنا ہوگا،شادیوں میں جاری ون ڈش کی خلاف وزری پر جرمانہ عائد کرنے کے حوالے سے غور کیا جارہا ہے۔

عدالت کو بتایا گیا کہ سارے شہر کو پارکنگ ایریا میں تبدیل کر دیا گیا ہے،پارکنگ کمپنی کی رپورٹ کے مطابق تمنا پارکنگ سڑکوں پر کی جاتی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ ایل ڈی اے کی اجازت کے بغیر کیسے پارکنگ ممکن ہے۔

عدالت نے ایل ڈی اے کو غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل کمیشن ممبر نے اپنی رپورٹ جمع کرواتے ہوئے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی بجائے ختم کرنے کے لئے مشینری کے نام پر دیگر مشینری کی ڈیمانڈ بھی کی گئی ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ابتدائی طور پر لاہور،گوجرانوالہ اور شیخو پورہ اضلاع کے لئے مشینری منگوائی جائے مگر عدالتی حکم کی آڑ میں غیر ضروری مشینری منگوانے کا آرڈر نہ دیا جائے ۔

بعدازاں لاہورہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی۔

fine

Lahore High Court

lahore markets

late night