کچھ بھی ہوجائے حکومت اپریل میں الیکشن کرانے پر مجبور ہو جائے گی، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کہ کچھ بھی ہوجائے حکومت اپریل میں الیکشن کرانے پر مجبور ہو جائے گی، شہبازشریف کی حکومت آکشن پر آئی، بیس پچیس کروڑ روپے میں لوگوں کو خریدا گیا،ملک دلدل میں ڈوب رہا ہے۔
عمران خان نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کا واحد حل صاف شفاف الیکشن ہیں، آج تک کون سا سیاسی رہنما آیا ہے جو اپنی حکومت گرا دیتا ہے، یہ حکومت آکشن کے ذریعے آئی ہے، یہ حکومت الیکشن کے ذریعے نہیں آئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے آئی، جس نے 20، 25 کروڑ روپے دے کر لوگوں کو خریدا، 1100 ارب روپے کے کرپشن کیسز ختم کروائے،ہماری معیشت کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کبھی پاکستان کے معاشی حالات وہ نہیں تھے جو آج ہیں، صاف اور شفاف انتخابات ہی واحد حل ہے، نہ اندر سے اور نہ باہر سے کوئی سرمایہ کاران پر اعتماد رکھتا ہے، ہم ایک دلدل میں ڈوبتے جا رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سری لنکا جیسی صورتحال سے بچنے کے لئے حل ایک ہی ہے، فری اینڈ فیئر الیکشن، اس وجہ سے ہم نے اپنی 2 حکومتیں گرائی ہیں۔
سابق وزیرعظم نے کہا کہ 4ارب ڈالر کے ذخائر رہ گئے ہیں، بندرگاہ پر 4 ارب کی چیزیں پڑی ہیں جو اٹھا نہیں رہے، چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں، اس وقت 2 مہینے بھی بہت دور لگ رہے ہیں، پیشگوئی ہے جو بھی ہوجائے اپریل میں الیکشن ہیں۔
انہوں نے (ق) لیگ کے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا بھی دعوی کردیا اور کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے ہم سے وفاداری نبھائی، ہمیں وفاداری واپس دینی تھی، وہ یہ ہے کہ وہ ہماری پارٹی کا حصہ بن جائیں گے۔
Comments are closed on this story.