سیاسی جماعتوں کی مبینہ فنڈنگ: ایم کیو ایم سمیت 3 جماعتوں نے جواب جمع نہیں کرائے
الیکشن کمیشن کو سیاسی جماعتوں کی مبینہ فنڈنگ کی اسکروٹنی کیس میں 13جماعتوں کے جواب موصول ہوگئے جبکہ ایم کیو ایم سمیت 3 سیاسی جماعتوں نے جواب جمع نہیں کرائے۔
الیکشن کمیشن کے ممبرنثار درانی کی زیر صدارت 4رکنی کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مبینہ فنڈنگ کی اسکروٹنی سے متعلق کیس کی سماعت کی،عامرمحمودکیانی کی جانب سے ان کے وکیل نویدانجم الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ مسلم لیگ (ق)سمیت13 سیاسی جماعتوں نے جواب جمع کرا دیے ،ایم کیو ایم سمیت 3 سیاسی جماعتوں نے جواب جمع نہیں کرائے۔
معاون وکیل نوید انجم نے سینیر وکیل شاہ خاور کاانتظار کرنے کا کہا تو ممبر اکرام اللہ نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کیا سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کو کہا گیا کہ جج انتظارکریں،وکیل آرہا ہے، الیکشن کمیشن کوآپ لوگ بہت غیر سنجیدہ لیتے ہیں۔
ممبراکرام اللہ خان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے باہرجا کر پریس کانفرنس کرتے ہیں ہمیں سنا نہیں جاتا اورکہا جاتا کہ الیکشن کمیشن صرف ایک سیاسی جماعت کے کیس کی سماعت کرتا ہے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، کسی سیاسی جماعت کا غلام نہیں ہے، وکیل پیش نہیں ہوتےتویہ کیس ہی خارج کردیا جانا چاہیئے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے مزید سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی۔
پارٹی انحراف ثابت ہو جائے تو اگلے الیکشن پر کیا اثرات ہوں گے؟ الیکشن کمیشن
پی ٹی آئی منحرف ایم پی اے کے خلاف ریفرنس میں الیکشن کمیشن نےبغیر وکالت نامے کے پیش ہونے پر پی ٹی آئی وکیل پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی انحراف ثابت ہو جائے تو اگلے الیکشن پرکیا اثرات ہوں گے؟ ۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت 4رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف ایم پی اے چوہدری مسعود کے خلاف ریفرنس پرسماعت کی۔
چوہدری مسعود کے وکیل نے مؤقف اپنایاکہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہوچکی ہے، اب کیس قابل سماعت نہیں ہے ،مؤکل نے پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ کاسٹ نہیں کیا ۔
ممبرا اکرام اللہ خان نے ریمارکس دیے کہ کوئی جرم کرے تو کیا بغیرسزا کے چھوڑ دیں، اگر پارٹی پالیسی سے انحراف ثابت ہو جائے تو اگلے الیکشن پرکیا اثرات ہوں گے؟ ۔
الیکشن کمیشن نے وکالت نامے کے بغیرپیش ہونے پرپی ٹی آئی وکیل نوید انجم پر اظہار برہمی کیا۔
ممبر اکرام اللہ خان نے کہاکہ وکالت نامے کے بغیر کوئی کیسے منہ اٹھاکے دلائل شروع کرسکتا ہے ،درخواست دائرکی جاتی ہے لیکن سماعت پرکوئی پیش نہیں ہوتا ۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل کی عدم پیشی پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہاکہ یہ بھی دیکھنا ہے ارکان اسمبلی کو ہدایات کون جاری کرسکتا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے وکیل چوہدری مسعود کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی۔
Comments are closed on this story.