Aaj News

جمعرات, جنوری 02, 2025  
02 Rajab 1446  

پریانکا چوپڑا نے ’جوائے لینڈ‘ دیکھنے کے بعد کیا مشورہ دیا

پاکستانی فلم آسکر کے لیے بھی نامزد کی گئی تھی
شائع 18 جنوری 2023 11:19am
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

بالی ووڈ اداکارہ چوپڑا آسکرکے لیے نامزد ہونے والی پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کی ٹیم کو سراہتے ہوئے سب کو یہ فلم دیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

انسٹاگرام اسٹوریزمیں فلم کا ایک ویڈیو کلپ شیئرکرنے والی پریانکا نے لکھا کہ جوائے لینڈ حقیقی معنوں میں ایک پُرلطف تجربہ ہے۔

اداکارہ نے ایسی جاندارکہانی سامنے لانے پر فلم بنانے والی پوری ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فلم کو لازمی دیکھا جانا چاہیے۔

جوائے لینڈ انٹرنیشنل فیچر فلم کی کٹیگری میں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کی گئی تھی تاہم ایوارڈ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

فلم کو مئی 2022 میں دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کانزمیں ’کانز:کوئیر پام‘ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو بالخصوص ہم جنس پرستوں یا پھر مخنث افراد پرمبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اسے کینیڈا میں منعقدہ ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔

پاکستان میں کچھ حلقوں کی جانب سے فلم کے موضوع کے حوالے سے شدید اختلاف ظاہر کرتے ہوئے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس پروزیراعظم شہبازشریف نے فلم کیخلاف شکایات کی تحقیقات اورپاکستان میں نمائش پرپابندی سے متعلق مطالبے کا جائزہ لینے کیلئےاعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔

وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کی جانب سے فلم کو ریلیز کیلئے کلیئرنس ملنے کے بعد اسے پاکستان میں ریلیز کیا گیا تھا۔

ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کی کہانی ایک رقاص نوجوان اورخواجہ سرا کے گرد گھومتی ہے۔ کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

Bollywood

Priyanka Chopra

oscar

joyland