Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیروز خان نے سابق اہلیہ سمیت متعدد شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھیج دیا

تمام شخصیات سے تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ
شائع 18 جنوری 2023 12:49am

معروف اداکار فیروز خان نے بدنام کرنے پر سابقہ اہلیہ علیزےسمیت متعدد شوبز شخصیات کو قانونی نوٹس بھجوادیا ۔

فیروز خان نے سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھی فنکاروں کے خلاف ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے۔

فیروز خان نے سابق اہلیہ علیزے فاطمہ سلطان، آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ و پروڈیوسر شرمین عبید چنائے، گلوکار عاصم اظہر، اداکار خالد عثمان بٹ، ہدایت کار مصدق ملک، اداکارہ ایمن خان، منال خان اور اداکارہ میرا سیٹھی کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔

فیروز خان کے وکیل فائق علی جاگیرانی نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے اداکار کی ہدایت پر ان کی سابق اہلیہ سمیت متعدد شوبز شخصیات کو بدنام کرنے کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔

اداکار کے وکیل کے مطابق انہوں نے قانونی نوٹس میں تمام شخصیات کو 15 دن کی مہلت دیتے ہوئے ان سے تحریری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری صورت میں مذکورہ تمام شخصیات کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عدالت میں فیروز خان کے خلاف کوئی بھی گھریلو تشدد کا مقدمہ زیر سماعت نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے ان کے خلاف کوئی درخواست جمع ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ان شخصیات نے ان کے مؤکل کے خلاف ٹھوس شواہد کے بغیر پوٹس کرکے انہیں بدنام کیا۔

Feroze Khan