Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات کیس بنانے والے افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت

حاضر سروس میجر جنرل نے پریس کانفرنس میں رانا ثناء اللہ پر الزامات لگائے، مشاہد حسین
شائع 17 جنوری 2023 04:19pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات سے متعلق جھوٹا کیس بنانے والے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے 25 جنوری کو رپورٹ طلب کرلی، چیئرمین نور عالم خان نے معاملے پر آرمی چیف کو خط لکھنے کا بھی عندیہ دے دیا۔

پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیرِ صدارت ہوا، اجلاس میں نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کے آڈٹ رپورٹ سال 2019 -20 کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی اراکین نے استفسار کیا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات کے جھوٹے کیسز پر متعلقہ افسران کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟

مشاہد حسین سید نے کہا کہ حاضر سروس میجر جنرل نے پریس کانفرنس میں رانا ثناء اللہ پر الزامات لگائے، جو جھوٹے ثابت ہوئے، اس افسر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔

شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ ہمارے ایک رکن اسمبلی پر جھوٹا کیس بنایا گیا، ویڈیوز بنائی گئیں۔

اجلاس میں سیکرٹری نارکوٹکس ڈویژن کا کہنا تھا کہ انفارمیشن کی بنیاد پر کیسز بنائے جاتے ہیں، درست یا غلط ہونے کا فیصلہ عدالت کرتی ہے۔

چیرمین پی اے سی نے کہا کہ ایئرپورٹ پر اے این ایف کا عملہ رشوت مانگتا ہے، پی اے سی نے تسلی بخش جواب نہ دینے پر سیکرٹری نارکوٹکس ڈویژن کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ رانا ثناء اللہ کیس میں ملوث افسران کے خلاف 7 دن کے اندر انکوائری کرکے 25 جنوری کو کمیٹی میں رپورٹ پیش کی جائے۔

اجلاس میں اسلام آباد کلب کے مالیاتی امور پر پی اے سی کو بریفنگ دی گئی، اراکین نے کلب انتظامیہ کی طرف سے ڈریس کوڈ کے معاملہ پر سخت تنقید کی۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ڈریس کوڈ امتیازی سلوک ہے جس پر نظرثانی کی جائے۔

Rana Sanaullah

ANF

public accounts committee

drugs