Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی تردید کردی

'یہ بات مونس الٰہی نے کردی تھی'
شائع 17 جنوری 2023 02:30pm

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کی تردید کردی۔

پرویز الہی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ق لیگ پی ٹی آئی میں ضم نہیں ہورہی، ہمیں اپنے حلقے میں جاکر لوگوں سے مشورہ کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے فیصلے سیاسی جماعتیں بیٹھ کرکرتی ہیں۔ یہ بات مونس الٰہی نے کردی تھی۔

گزشتہ روز یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ مسلم لیگ ق نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا با قاعدہ اعلان آج شام کردیاجائے گا۔

ق لیگ نے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا فیصلہ کرلیا

ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان کی دعوت پر مونس الٰہی سمیت دیگراراکین اسمبلی پی ٹی آئی میں انضمام کے حامی ہیں اور ق لیگ آئندہ انتخابات پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مل کر لڑے گی۔

دوسری جانب پرویزالٰہی کی جانب سے پی ٹی آئی میں انضمام کی خبروں کے بعد صدر مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے مرکزی قیادت کے ہنگامی اجلاس میں صوبائی صدر چودھری پرویز الہٰی کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا تھا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ صوبائی صدر پارٹی کو کسی دوسری جماعت میں ضم نہیں کر سکتا، ‏مسلم لیگ ق بحیثیت سیاسی جماعت اپنا تشخص اور ووٹ بینک رکھتی ہے، پرویزالہٰی 7 دن میں وضاحت پیش کریں۔

سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے مونس الٰہی، حسین الہی اور سینیٹر کامل علی آغا کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے ۔

ق لیگی رہنماؤں کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ عہدے آپ کے پاس پارٹی کی امانت ہیں، اگر آپ کسی دوسری جماعت میں جارہے ہیں تو مستعفی ہوکر جائیں، وگرنہ آپ کو ڈی سیٹ کروانے کے لئے الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تین روز قبل نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے ق لیگ کو اپنی جماعت میں ضم ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرکے اصل قربانی ق لیگ نے دی، ہم نے ق لیگ سے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی درخواست کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑنا ق لیگ کے اپنے مفاد میں ہے۔

pti

imran khan

Chaudhry Pervaiz Elahi