Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہباز شریف سے پوچھیں گے ہم انہیں اعتماد کا ووٹ کیوں دیں، رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار

شہباز شریف ووٹ لینے آئیں گے تو یہ سوال کریں گے
شائع 16 جنوری 2023 10:41am

ملکی سیاسی گرما گرمی میں جہاں پی ٹی آئی کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کیلئے اعتماد کا ووٹ لینے کے مطالبے کا عندیہ دیا جارہا ہے وہیں پی ڈی ایم کی اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستارنے سوال اٹھادیا کہ ، ’ہم شہباز شریف کو ووٹ کیوں دیں‘ ۔

آج نیوز کے مارننگ شو’آج پاکستان کے ساتھ’ میں شریک فاروق ستارنے کراچی اورحیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کے بعد حکومت میں رہنے یا نہ رہنے کی قیاس آرائیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے اس اتحاد کو ’ون وے ٹریفک‘ قراردے دیا۔

حال ہی میں ایم کیو ایم میں ضم ہونے والے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میری شمولیت تو ایم کیو ایم میں ابھی ہوئی ہے اور ظاہر ہےگزشتہ چند سال میں بہت سارے فیصلوں پراس طرح کی تنقید ہوئی ہے لیکن یہ جو پی ڈی ایم کے ساتھ حکومت میں رہنے یا چھوڑنے کی جو بات ہو رہی ہے، ملکی مفاد اور جمہوری عمل کے تسلسل کیلئیے ایم کیو ایم نے حکومت میں شمولیت تو اختیار کی ہوئی ہے لیکن یہ ون وے ٹریفک ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی تنقید ہجائز ہے، ہم نے قربانیاں ہرطرح کی دے دیں، ملکی معیشت کے استحکام کے لیے، ڈالر قابو کرنے کے لیے، تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے ۔۔ یہ ون وے ہے۔ پاکستان بنانا ہو ، پاکستان بچانا ہو تو ہمارے آباؤاجداد کی موجودہ نسل کی قربانیاں ، کراچی والوں کی قربانیاں ہیں لیکن اب کراچی والے پوچھتے ہیں کہ، ’ہم پورے ملک کیلئے سوچتے ہیں اب ہمارے لیے بھی کوئی سوچے گا‘۔

فاروق ستار نے واضح کیا کہ ، ’پی ٹی آئی کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کے مطالبے پر شہباز شریف ہمارے پاس ووٹ لینے آئیں گے تو ہم تو ان سے یہ سوال کریں گے کہ بھئی ہم آپ کو ووٹ کیوں دیں، وجہ بتائیں۔‘

میزبان کی جانب سے اس بات کو ’بڑا عندیہ‘ قرار دینے پر فاروق ستار نے مزید کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ ووٹ نہیں دیں گے، ہم پوچھ رہے ہیں کہ وزیراعظم وجہ بتادیں کہ اگر ایسا ہو تو ہم انہیں اعتماد کا ووٹ کیوں دیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ گزشتہ 10 ماہ میں کراچی کیلئے 65 کروڑ گیلن پانی کے منصوبے کے 4 میں کیا پیشرفت کی گئی، سرکلر ریلوے ، کچرا اٹھانے کے نظام میں بہتری کا کیا ہوا؟ صوبے میں پی پی کی حکومت تھی تو وفاق میں ن لیگ کی، پہلے اختلاف تھا تو ایک دوسرے پر ڈالتے تھے کہ رقم نہیں مل رہی لیکن اب دونوں پی ڈی ایم سے جڑے ہیں تو بتائیں کہ شہر کے لیے کیا کیا۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے والے پرویز الٰہی گزشتہ روز نگراں وزیراعلٰی کیلئے 3 نام دے چکے ہیں، زمان پارک میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ، ’ ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا اب شہباز شریف کی باری ہے ، ن لیگ کی شامت آنے والی ہے۔’

PDM

Shehbaz Sharif

Vote of Confidence

MQM Pakistan

ٖFarooq Sattar