Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے غیرذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لے لیا

رانا ثناء کا میڈیا بیان بھی عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے
شائع 15 جنوری 2023 02:52pm

الیکشن کمیشن آف پاکستان بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حلقہ بندیوں کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے غیرذمہ دارانہ بیانات کا نوٹس لے لیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے میڈیا پرمختلف جماعتوں کے نمائندوں کےبیانات کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن ہر الزامات بےبنیاد ہیں۔ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 سیکشن 10 کے تحت لوکل کونسلز کی تعداد مہیا کرنا صوبائی حکومت کا استحقاق ہے ۔ ۔سندھ حکومت نے یہ تعداد فراہم کی اور الیکشن کمیشن اسی کے مطابق حلقہ بندیاں کرنے کا پابند تھا اوراس نے قانون کے مطابق شفاف اندازمیں حلقہ بندیاں کیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کی حلقہ بندیوں کا اسلام آباد کی حلقہ بندیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی حکومت نے انتخابی شیڈول کےدوران یوسیزکی تعداد101 سے بڑھا کر 125 کی جبکہ وہاں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ بھی ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے۔ وہاں پر بھی الیکشن کمیشن نے اپنے موقف میں کہا کہ 101 یوسیز کے مطابق 7 سے 10 روزمیں پولنگ کے لیے تیارہے۔

ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پرلگائے تمام الزامات غلط ، بےبنیاد اور حقائق کے منافی ہیں،الیکشن کمیشن کے خلاف غلط تنقید کی جارہی ہے، وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کامیڈیا بیان بھی غلط اورعوام کو گمراہ کرنےکے مترادف ہے اورظاہرکرتا ہے کہ ان کی الیکشن قوانین سے واقفیت قدرے کم ہے۔الیکشن کمیشن اپنی ذمہ دارایاں احسن طریقے سے ادا کررہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پرالزام کہ وہ پرانی انتخابی فہرستیں لوکل گورنمنٹ انتخابات کراچی وحیدرآباد ڈویژنوں میں استعمال کررہا ہے، اس پرالیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا جاتا ہے کہ کسی بھی انتخابات کے شیڈول کے جاری ہونے کے بعد الیکشنز ایکٹ کی سیکشن 39 کے تحت انتخابی فہرستوں میں نہ تو کوئی نام درج کیا جاسکتا ہے نہ اخراج کیا جاسکتا ہے، اور نہ ہی درستگی کی جاسکتی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول 29 اپریل 2022 کو دیا گیا تھا لہذا اس وقت کی انتخابی فہرستیں قانون کے تحت استعمال کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ انتخابی فہرستیں جو 17 اکتوبر2022 کو شائع کی گئی تھیں وہ آئندہ عام انتخابات میں استعمال کی جائیں گی۔

Rana Sanaullah

Sindh Local Bodies Election

Local Bodies 15 Jan