Aaj News

جمعرات, جنوری 02, 2025  
02 Rajab 1446  

کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی درخواست مسترد کردی
اپ ڈیٹ 13 جنوری 2023 12:49pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔ فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنا حکم جاری کردیا اور کہا ہے کہ کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دادو کی 2 تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

اسمبلیوں کی تحلیل اور سندھ حکومت کا بلدیاتی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے معاملے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران، اسپیشل سیکرٹری، ڈی جی لاء، ڈی جی لوکل گورنمنٹ الیکشن سمیت تمام اعلی افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں سندھ حکومت کی درخواست اور نوٹیفکیشنوں پر غور کیا گیا۔

صوبائی حکومت نے 15 جنوری کو شیڈول کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دادو ضلع کی 2 تحصیلوں خیرپور ناتھن اور مہر کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں قانونی اور آئینی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی درخواست کو نامنظور کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے حکم دیا ہے کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے اپنا آرڈر جاری کر دیا، الیکشن کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وزارت داخلہ کو کہا جائے کہ انتخابات کے دوران انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ رات گئے سندھ حکومت نے کراچی، حیدر آباد اور دادو میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفیکیشن بھی واپس لے لیا تھا۔

ECP

karachi

Hyderabad

Sikander Sultan Raja

Dadu

Sindh Local Bodies Election