Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان میں شدید سردی سے پائپوں میں پانی جم گیا، کراچی میں یخ بستہ ہوائیں

شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ
اپ ڈیٹ 13 جنوری 2023 10:31am
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔ اے ایف پی

کراچی میں یخ بستہ ہوائیں چلنے لگیں، شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ بلوچستان میں شدید سردی سے پائپوں میں پانی جم گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 20 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن کے وقت بھی تیز ہوائیں برقرار رہ سکتی ہیں جبکہ رات کے وقت ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کرسکتی ہے، سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں مکمل طور پر غیر فعال ہیں ۔

سردی بڑھتے ہی شہر میں گیس کی قلت بھی بڑھ گئی ہے، تقریباً 40 فیصد علاقوں میں کھانے کے اوقات میں بھی گیس غائب ہونے سے پریشانی کا سامنا ہے۔

وادی نیلم اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری

وادی کاغان کے تفریحی مقامات شوگران، کاغان اور ناران میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑچکی ہے، کاغان سے آگے کے علاقوں میں سیاحوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے، وادی نیلم اور بالائی علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

برفانی تودے گرنے سے لوات بالا، شاردہ سب ڈویژن کی رابطہ سڑکیں بند ہیں جبکہ شونٹھر اور گریس ویلی کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، موبائل سروسز معطل ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر بلوچستان کے شہر پسنی سمیت مکران کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی، کیچ کے علاقے ہوشاب، تجابان اور بلیدہ میں پائپوں میں پانی جم گیا۔

سرد موسم کے باعث تعلیمی اداروں میں طلباء کی حاضری کم اور نجی تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ بیشتر پرائیوٹ تعلیمی ادارے بند رہے۔

طوفانی ہوائیں چلنے کے باعث محکمہ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور محکمہ فشریز نے ماہی گیروں کو آئندہ 3 روز 16 جنوری تک سمندر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

پنجاب اور سندھ میں دھند کے باعث موٹرویز بند

دوسری جانب پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے کے بعد کئی مقامات سے موٹرویز بند کر دی گئی ہیں۔

اسلام آباد، لاہور موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے للہ تک، ایم 3 درخانہ سے فیض پور تک، ایم 5 ملتان سے روہڑی تک، ایم 4 عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں تک اور ایم 11 کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہیں۔

Cold Weather

karachi

fog

Met Office