عدلیہ اور نیب کو درخواست کرتا ہوں جھوٹے کیسز ختم کیے جائیں، وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مجھ پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، پیپلزپارٹی کے خلاف نیب کی کارروائیاں چل رہی ہیں، عدلیہ اورنیب کو درخواست کرتا ہوں جھوٹے کیسز ختم کیے جائیں ۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کسی ایک شخص کی مرضی سے الیکشن نہیں ہوں گے،اسمبلی کی مدت اگست 2023تک ہے، عمران خان کسی بھی کھاتے میں نہیں، کرسی کا اتناہی شوق ہے تو پنجاب کا وزیراعلیٰ بن جائیں، اپنی عنا کی خاطر ملک کو مشکلات کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ لوکل باڈیز انتخابات جنرل الیکشن سے زیادہ مشکل ہوتے ہیں، سیکیورٹی کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہوگا، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ باتیں ہورہی ہیں کہ میرا کیس کراچی منتقل ہو گیا ہے، عدلیہ سے درخواست ہے کہ جھوٹے کیسز ختم کیے جائیں، نیب سے بھی حساب کتاب ہوگا، ڈیل کرنے والے ہم نہیں کوئی اور ہیں۔
نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس: آئندہ سماعت پر ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب
اس سے قبل نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں احتساب عدالت اسلام آباد نے آئندہ سماعت پر ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 16 جنوری تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس پر سماعت کی، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
نیب کی جانب سے دائر درخواستوں پر تحریری جواب پیش نہ کیا جاسکا ،نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ درخواستوں پر دلائل دیں گے ۔
شریک ملزمان کے وکلا نے درخواستوں پر نیب کے تحریری جواب دینے کی استدعا کی،جس پر جج نے کہا کہ پہلے نیب یہ بتائے کہ وہ درخواستوں کی مخالفت کرتے ہیں یا نہیں ،آئندہ سماعت پر ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل ہوں گے۔
Comments are closed on this story.