Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرپشن کا خدشہ ہوتا تو جنیوا کانفرنس میں اتنے بڑے اعلانات نہ کیے جاتے، وزیراعظم

دن رات محنت کر کے متاثرین کے نقصان کا ازالہ کریں گے، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 11 جنوری 2023 02:32pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی امداد کی کل رقم 9.7ارب ڈالر ہے، ایک ایک پائی کو شفافیت کے ساتھ استعمال کریں گے، مخالفین نے ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا، کرپشن کا خدشہ ہوتا تو جنیوا کانفرنس میں اتنے بڑے اعلانات نہ کیے جاتے، دن رات محنت کر کے متاثرین کے نقصان کا ازالہ کریں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنیوا کانفرنس انتہائی کامیاب رہی،کانفرنس کی کامیابی قوم کی دعاؤں اور اخلاص کا نتیجہ ہے،سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک کوششیں جاری رکھیں گے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ جنیواکانفرنس میں9.7 ارب ڈالر کی امدادکااعلان کیاگیا، اسلامی ترقیاتی بینک نے4.2 ارب ڈالردینےکااعلان کیا،ورلڈ بینک نے 2 ارب ڈالر، ایشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک نے ایک ارب ڈالر کا اعلان کیا، ایشیاتی ترقیاتی بینک نے 500 ملین ڈالر، کینیڈا نے 18.6 ملین ڈالر اور چین نے 100 ملین ڈالر کااعلان کیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈنمارک نے 3.8 ملین ڈالر، یورپی یونین نے 87 ملین یوروز اور فرانس نے 380 ملین یوروز کا اعلان کیا، جرمنی نے 84 ملین یوروز، جاپان نے 77 ملین ڈالرز، نیدرلینڈ اور اٹلی نے بھی خطیر رقوم کا اعلان کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کی جانب سے امداد پاکستان کی حکومت پراعتماد کا اظہار ہے، خطیر رقوم کے اعلان پر پاکستان کی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،بلاول بھٹو زرداری، اسحاق ڈار، شیری رحمان اور احسن اقبال کی کوششوں کا شکر گزار ہوں، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی کوششیں بھی قابل تحسین ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا،ہم نےشفافیت کےساتھ امداد کا استعمال کرنا ہے ، ایک ایک پائی عوام کی ترقی،خوشحالی اور خدمت پر خرچ ہوگی، تعمیر نو، بحالی اور دوبارہ آبادکاری کے لئے بھرپور کوششیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کاخدشہ ہوتا تواتنے بڑےاعلانات نہ کیےجاتے،ہمارے سیاسی مخالفین نے حکومتی اقدامات کے خلاف پروپیگنڈا کیا، سیاسی مخالفین نے قوم میں زہر گھولا اور انہیں تقسیم کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لئے سیاسی اتحاد سےدنیا میں یکجہتی،یگانگت اور ہمدردی کا پیغام گیا، ہم اپنے برادر ملک کے شکرگزار ہیں،سعودی عرب نے ہرمشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا، ان کے شکرگزار ہیں،امریکا کی جانب سے بھی 100ملین ڈالر کا اعلان کیا گیا ہے، سعودی عرب 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور 5 ارب ڈالر ڈپازٹ کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں گندم کے ذخائر پوری طرح موجود ہیں، وافر گندم ہونے کے باوجود صوبے ذمہ داری ادا نہیں کررہے ، وفاق کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، ملوں کو گندم فراہم کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ملکی معیشت کیخلاف باتیں کرنے والوں کو منہ توڑ جواب مل گیا ، وزیرخارجہ

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اتحادی حکومتوں کی کاوشوں کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کووڈ اور معاشی مشکلات کے باوجود عالمی برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، عالمی امداد کے ساتھ ہمیں اپنے وسائل بروئے کار لانا ہے، ملکی معیشت کے خلاف باتیں کرنے والوں کو منہ توڑ جواب مل گیا ہے۔

وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کی معیشت میں 9 ارب سے زیادہ سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے، ایک غلط تاثر تھا کہ پاکستان دنیا میں تنہا رہ گیا ہے، اس کانفرنس سے یہ تاثر غلط ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے، اس وقت بھی سیلاب متاثرین مصیبت میں ہیں، ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتاہوں کہ جو بھی مدد کرسکتے ہیں کریں، سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 16 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔

Ishaq Dar

Finance minister

اسلام آباد

Bilawal Bhutto Zardari

PM Shehbaz Sharif

Pakistan Foreign Minister