Aaj News

منگل, نومبر 19, 2024  
17 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کا کیس، فل بینچ بنانے کی سفارش

الیکشن کمیشن کو تادیبی کارروائی سے روکنے کے حکم میں بھی توسیع
اپ ڈیٹ 11 جنوری 2023 11:38am
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف درخواست پر سماعت کے لئے فل بینچ بنانے کی سفارش کردی، عدالت نے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس جواد حسن نے عمران خان کو تحریک انصاف کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کے لئے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹرعلی ظفرنے دلائل دیے جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے جواب داخل کرنے کےلئے مہلت طلب کرلی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصراحمد نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پراعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی الیکشن کمیشن کے خلاف اسی نوعیت کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے۔

جسٹس جواد حسن نے کہا کہ درخواست گزار پنجاب کا رہنے والا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا،گزشتہ سماعت پر یہ معاملہ عدالت کےسامنے پیش ہوا تھا آپ یہاں موجود نہیں تھے۔

وکیل عمران خان نے دلائل دیے کہ عدالت کے سامنے اپنی درخواست میں تمام حقائق واضح کیے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے اسی کیس میں اپنا جواب جمع کرادیا،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل رائے شاہد سلیم خان نےایڈووکیٹ جنرل کا جواب جمع کرایا۔

عدالت نے اسی کیس میں ایڈووکیٹ جنرل کو عدالتی معاونت کےلئے طلب کیا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا جواب 15صفحات پر مشتمل ہے جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نہ تو عدالت ہے نہ ہی اس کو کسی کونااہل کرنے کا اختیار ہے، الیکشن کمیشن غیرقانونی اختیار استعمال کیا۔

جسٹس جواد حسن نے کیس کی سماعت کے لئے فل بینچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کیس مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس لاہوہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی کو بھجوا دیا۔

عدالت نے کہا کہ اسی نوعیت کی 2 درخواستیں چیف جسٹس کی سربراہی میں فل بینچ کے پاس تھیں جنہیں واپس لیاگیا،ان درخواستوں کا فیصلہ دیکھا جانا ضروری ہے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل رائےشاہد سلیم خان نے کہا فل بینچ کےعلم میں تھا کہ یہ اسی نوعیت کی درخواست سنگل بینچ کے پاس ہے، فل بینچ نے درخواستیں سنگل بینچ کے پاس ہونے کی بنا پر واپس کیں۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس پر تادیبی کاروائی سے روکنے کے حکم میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 17 جنوری تک ملتوی کردی۔

توشہ خانہ اسکینڈل: عمران خان کے وکیل کی استدعا پر سماعت ملتوی

الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ اسکینڈل میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وکیل کی استدعا پر سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت 5رکنی کمیشن نے عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

عمران خان کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور پی ٹی آئی پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر جمال اکبر انصاری کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

بیرسٹر گوہر نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کی گزشتہ سماعت کا حکم نامہ نہیں ملا،لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کا نوٹس چیلنج کیا ہے،عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا کیس لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔

ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ اس کمیشن پر اعتماد کریں، عدالت جانے میں جلد بازی نہ کریں، ہوسکتا کہ جو آپ کو لگتا ہے وہ فیصلہ نہ آئے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سماعت 2ہفتے تک ملتوی کرنے کہ درخواست کی گئی جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ درخواست گزار بھی آج پیش نہیں ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔

pti

imran khan

Lahore High Court

Full Bench

justice jawad hassan