Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

گھی اور تیل کی قیمتوں میں ہُوشربا اضافے کا خدشہ

خوردنی تیل سے لدے 10 سے زائد جہازوں کو کلیئرنس نہ ملی
اپ ڈیٹ 10 جنوری 2023 01:02pm

خوردنی تیل سے لدے جہازوں کو کلیئرنس نہ ملنے کے باعث ملک میں گھی اور تیل کی قیمت میں بڑے اضافہ کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

خوردنی تیل سے لدے 10 سے زائد جہاز کلیئرنس نہ ملنے پر کراچی اور گوادر پورٹ پر کھڑے ہیں۔

ان جہازوں کو تاحال لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز ) بھی نہیں مل سکا جبکہ پاکستان میں خوردنی تیل کا اسٹاک صرف 3 ہفتے کے لیے رہ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کلیرئنس نہ ملنے والے ان 10 جہازوں پر ایک لاکھ 75ہزارٹن خام مال موجودہے۔

بینکوں کی جانب سے لیٹر آف کریڈٹ نہ کھولنے اور پورٹ پرکلیئرنس کے لیے ریٹائرنگ دستاویزات جاری نہ کرنے کے باعث خدشہ ہے کہ آٹے کے بعد رمضان المبارک میں عوام کو گھی اورتیل کے بحران کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

پاکستان وناسپتی مینوفیکچر ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے سیکریٹری جنرل عمراسلم خان اس بات کی نشاندہی کرچکے ہیں کہ لیٹر آف کریڈٹ کی ریٹائرمنٹ تاخیرکا شکار ہوئی تو صارفین کوگھی اورتیل کی فی کلوگرام/لیٹر کی قیمتوں میں ایک بار پھر 15 سے 20 فیصد اضافے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Ghee

edible oil

Letter of credit (LC)

Cooking Oil

Vanaspati Oil