Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

آرمی چیف کی اماراتی صدر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے پر اتفاق

شیخ محمد بن زاید نے جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر کیے جانے پر مبارکباد دی
شائع 10 جنوری 2023 10:44am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ ٹوئٹر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا شاہی محل میں استقبال کیا۔

آرمی چیف جنرل اور متحدہ عرب امارت کے صدر کے درمیان قصر الشاطی پیلس میں ملاقات ہوئی ، جس میں شیخ محمد بن زاید النہیان نے جنرل عاصم منیر کو پاکستان کا آرمی چیف مقرر کیے جانے پر مبارکباد دی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کے حوالے سے اپنی نئی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں سرخرو ہوں۔

ملاقات کے دوران پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے بھی مبارکباد دینے پر صدر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تعریف کی۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دفاعی اور عسکری امور میں تعاون کے تعلقات اور مل کر کام کرنے کے ساتھ دونوں دوست ملکوں کے مشترکہ مفادات کے لئے انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔

یاد رہے کہ آرمی چیف بننے کے بعد جنرل عاصم منیر اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ آرمی چیف 4 جنوری سے 10 جنوری تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔

آرمی چیف دونوں برادر ممالک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور دوطرفہ تعلقات سلامتی سے متعلق موضوعات پر مرکوز ہیں۔

COAS

UAE

Sheikh Mohamed bin Zayed Al Nahyan

Army Chief General Asim Munir