Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کو 6 ماہ تک ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ نہیں، بلومبرگ

آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کو مجبور ہوگا، امریکی خبر رساں ادارہ
شائع 09 جنوری 2023 05:25pm
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ اکنامکس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے اگلے چھ ماہ تک ڈیفالٹ ہونے کا امکان نہیں ہے، لیکن اس کی مشکلات ختم نہیں ہوئیں۔

بلومبرگ میں جنوبی ایشیا کو کور کرنے والے انکور شکلا نے پیر کو جاری اپنی رپورٹ میں کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی مدد سے جون کے آخر تک پاکستان کو مدد ملے گی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ، ”سرمایہ کار اب اپریل 2024 میں ایک بڑے ڈالر قرض کی واپسی کے بارے میں فکر مند ہیں، اور وہ ان بانڈز کی قیمتوں کو پریشان کن سطح پر پہنچا رہے ہیں۔“

اس سے پاکستان کو مزید بیرونی امداد کی ضرورت ہوگی۔

رپورٹس بتاتی ہیں کہ بانڈ 46 فیصد ڈسکاؤنٹ پر ٹریڈ کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ، ”پاکستان کے پاس اب 5.6 بلین ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر ہیں، جو اگلے پانچ ماہ کی فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہیں۔ بیرونی امداد سے اس تعداد کو 14.9 بلین ڈالر تک بڑھنا چاہیے۔ جو صرف مارچ 2024 تک ڈالر کی ادائیگیوں کو کور کرے گا، جس سے اپریل میں بانڈ کی ادائیگی پر سوال کھڑا ہورہا ہے۔“

پاکستان اس وقت تیزی سے گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر، روپے کی کمزوری اور بگڑتے معاشی اشاریوں کے درمیان معاشی بدحالی سے دوچار ہے۔ ملک نے ہفتے کے آخر میں تقریبا 1 بلین ڈالر کی ادائیگی کی، جس کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونے کا امکان ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) اس ہفتے اپنا ڈیٹا جاری کرے گا۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف اب بھی 2.6 بلین ڈالر کی بقیہ قرض کی قسطیں روک سکتا ہے۔

”لیکن ہمارے خیال میں پچھلے موسم گرما کے سیلاب کے تناظر میں ملک کی اشد ضرورت کے پیش نظر اس کا امکان نہیں ہے۔“

ماہرین نے کہا ہے کہ تعطل کا شکار آئی ایم ایف پروگرام کا دوبارہ شروع ہونا ملک کے لیے انتہائی اہم ہے۔ آئی ایم ایف کی فنڈنگ قرض دینے والے ممالک سے متوقع 5 بلین ڈالر اور ورلڈ بینک سے 1.7 بلین ڈالر کی امداد کو کھولنے کے لیے بھی ضروری ہے۔

“یہ فنڈز جون میں ختم ہونے والے مالی سال کے اختتام تک قرض کی ادائیگیوں اور تخمینہ شدہ کھاتوں کے خسارے میں 5.9 بلین ڈالرز کو پورا کرنے میں مدد کریں گے اور ایک بار پھر ہمیں لگتا ہے کہ یہ فنڈز مکمل ہو جائیں گے۔

”لیکن اب سوال یہ ہے کہ پاکستان اس کے بعد 12 ماہ کیسے گزارے گا، جب اس کی ڈالر کی مالیاتی ضروریات کم از کم 11 بلین ڈالر ہوں گی۔“

آئی ایم ایف کا وفد آئندہ جنیوا کانفرنس کے موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرے گا جس میں تصفیہ طلب امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

جنیوا کانفرنس پاکستانی حکومت اور اقوام متحدہ کی مشترکہ میزبانی میں کی جا رہی ہے، جس میں ممالک، تنظیموں، اور کاروباری اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے لیے طویل مدتی بحالی اور لچک کے منصوبے کی جانب مالی اور دیگر مدد کے ساتھ قدم بڑھائیں۔

پاکستان کے ریسیلینٹ ریکوری، بحالی اور تعمیر نو کے فریم ورک کے مطابق، جسے وہ باضابطہ طور پر کانفرنس کے دوران پیش کرے گا، مجموعی طور پر 16.3 بلین ڈالر کی ضرورت ہوگی۔

پاکستان کی حکومت اس نصف رقم کو ”ملکی وسائل“ بشمول اس کے ترقیاتی بجٹ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے پورا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

پاکستان

IMF

default

bloomberg