Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کراچی کی قیادت ایم کیو ایم میں شامل ہونا چاہتی ہے، کامران ٹیسوری

کراچی کی سیاست پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا آج نیوز کو خصوصی انٹرویو۔
اپ ڈیٹ 08 جنوری 2023 11:33pm
Exclusive interview of Kamran Tessori | Aaj Exclusive with Sidra Iqbal | Aaj News

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ بارہ ربیع الاوّل بروز اتوار میری گورنر شپ کا نوٹی فکیشن جاری ہوا تو میری اللہ تعالیٰ سے دعا تھی کہ مجھ سے کوئی ایسے کام ضرور لے جو یاد رکھے جائیں، اور جو سب سے اہم کام مجھے نظر آیا وہ یہ تھا کہ لوگوں کے درمیان ہم آہنگی ، محبت اور پیار ہو۔

آج نیوز کو دئے گئے خصوصی انٹرویو میں میزبان اور سینئیر صحافی سدرہ اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم نفرتوں اور قومیتوں میں اتنا بٹ چکے ہیں کہ ایک دوسرے کو برداشت نپہیں کر رہے، اور اس عدم برداشت کی وجہ سے پورے صوبے بشمول کراچی نے بہت کچھ جھیلا، جو کہ معیشت اور روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا اب مجرموں کا شہر بنتا جارہا ہے، اس شہر کے لوگ غریب ہوگئے ہیں ، بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، گھروں میں بجلی گیس نہیں ، سمندر کراچی میں ہے لیکن پینے کا پانی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنا روزگار کی تلاش کیلئے کراچی آنے والوں کو اس شہر نے اپنے اندر ماں کی طرح سمیٹ لیا، لیکن آج اس کے روڈ ٹوٹے پڑے ہیں ، جو اپنے آپ کو مسیحا کہتے تھے وہ بے اختیار نظر آرہے ہیں۔

’حلقہ بندیوں پر اچھے کی امید ہے‘

کراچی میں دوبارہ مردم شماری کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات کو مردم شماری سے نہیں جوڑا، جبکہ ایم کیو ایم کی آرٹیکل 140 اے کی پٹیشن کا فیصلہ بھی آچکا ہے، مردم شماری تو بہر حال کرنی ہے اور ہونی بھی چاہئیے۔ جب تک گنتی پوری نہیں ہوگی آپ اپنے صوبے اور شہر کیلئے وسائل نہیں لے سکتے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ لیکن بلدیاتی الیکشن کا نہ ہونا یا تاخیر کا شکار ہونا وہ حلقہ بندیوں سے جڑا ہوا ہے، اور حلقہ بندیوں کا مطالبہ پی ڈی ایم سے معاہدے کی شق نمبر سات میں موجود ہے جس میں اتفاق کیا گیا تھا کہ دونوں جماعتیں دوبارہ حلقہ بندیاں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دوستوں کا اعتراض ہے کہ ایک حلقہ 25 ہزار کا ہے تو ایک 90 ہزار لوگوں کا، تو تاریخ میں کبھی نہیں ہوا کہ کسی یوسی کا ایک نمائندہ 90 ہزار ووٹ لے کر جیتا ہوا۔ میں نے آصف علی زرداری سے بات کی ہے، اچھے کی امید ہے کہ اس کا کوئی نہ کوئی حل نکلے گا۔

کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن میں بارہا یہ مسئلہ اٹھایا گیا اور ایم کیو ایم کو یہی کہا گیا کہ آپ صوبائی حکومت سے رجوع کریں، ایم کیو ایم کے دوستوں کی پچھلے چھ مہینوں میں حکومت سندھ سے کوئی بیس سے اوپر ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ لیکن ہر بار کسی نہ کسی نکتہ پر نااتفاقی کی وجہ سے بات آگے بڑھ جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے کام کرنے کیلئے ضروری ہے درست حلقہ بندیاں کی جائیں۔

ایم کیو ایم سے وعدہ خلافی کیوں؟

ہر جماعت کی جانب سے ایم کو ایم کے ساتھ وعدہ خلافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ ایم کیو ایم ہر حکومت کے ساتھ رہی لیکن ایم کیو ایم کو حکومت کبھی نہیں ملی، جب آپ کسی کا حصہ ہوتے ہیں اور آپ کے پاس اختیار نہ ہو تو آپ کو بخشش ہی ملتی ہے اور ایم کیو ایم کو بخشش ہی ملتی رہی ہے، بااختیار ہونا اور خود کی حکومت ہونے میں بڑا فرق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کبھی ایم کیو ایم کو حکومت دی گئی تو وہ بہت اچھی کارکردی دکھا سکتے ہیں۔ لوگ آج تک بطور مئیر مصطفیٰ کمال کے کلام کی تعریف کرتے ہیں۔

عوامی گورنر

خود پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے جب مجھے گورنر کیلئے نامزد کیا تو بہت سے لوگوں نے مخالفت کی، میں نے کہا کہ دو تین مہینے میرا کام دیکھیں ، میرا عمل بتائے گا، آج سب مانتے ہیں کہ یہ صحیح فیصلہ تھا، ایم کیو ایم کا لوگوں کیلئے جو فیصلہ ہوتا ہے وہ عوامی انداز میں ہوتا ہے اور اسی لئے لوگ مجھے عوامی گورنر بھی کہنے لگے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی کیلئے بھی ایم کیو ایم نے نامزدگی دی ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ آئندہ دنوں میں کراچی آپ کو صاف اور سرسبز نظر آئے گا، سڑکیں بھی جڑ جائیں گی اور لوگوں کے دل بھی جڑیں گے۔

ایم کیو ایم کے دھڑوں کو ایک کرنے پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں سبھی جماعتوں کا گورنر ہوں، اس گورنر ہاؤس میں کوئی بھی ایسا کم نہیں ہوتا جو پچھلے ادوار میں ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں اسی گورنر ہاؤس کے دفتر میں لوگوں کے گلے میں پارٹی پرچم ڈال کر ان کی شمولیتیں کرائی گئی ہیں۔ لیکن لوگوں کو اخلاقی طور پر جوڑنا ان کے درمیان پُل بننا، یہ میں نے صرف ایم کیو ایم کے دھڑوں کے درمیان نہیں کیا بلکہ جماعت اسلامی سے بھی میری ملاقات ہوئی، پیر صاحب پگارا سے بھی تین ملاقاتیں کیں، میں نے آصف زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور اور ایاز لطیف پلیجو سے بھی ملاقات کی۔ میں لاہور میں تھا تو میری چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہٰی سے بھی بات ہوئی، سراج الحق اور مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات ہوئی۔

مقابلہ سخت

کراچی میں دوبارہ ایم کیو ایم کی طاقت پر انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کراچی میں ایم کیو ایم کے کونسلر کے سامنے بھی کوئی جیت نہیں پاتا تھا اور آج سب ہی اس شہر میں اپنا مئیر چاہتے ہیں، اس لئے مقابلہ سخت ہوگا۔

’کوشش ہے پی ٹی آئی کے بگاڑ کو سدھار میں بدلہ جائے‘

ملک کی معاشی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ پورے پاکستان کا مسئلہ معیشت ہے اور سب اس سے پریشان ہیں، اسحاق ڈار کوشش کر رہے ہیں انہیں تھوڑا وقت دینا چاہئیے ان حالات کو سدھارنے کیلئے جو پی ٹی آئی چھوڑ کر گئی ہے۔

عمران خان کی معاشی حالات پر تنقید کے بارے میں انہوں نے کہا کہ معیشت کے خراب حالات تو خود پی ٹی آئی چھوڑ کر گئی تھی، خان صاحب کے دور میں سات مرتبہ فنانس سیکریٹری تبدیل کیا گیا، تین مرتبہ خود وزیر خزانہ کو تبدیل کیا گیا، انہیں خود سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ معیشت کو کیسے سنبھالیں اور انہوں نے خود اس کا کئی دفعہ اعتراف بھی کیا کہ ہم تیار نہیں تھے۔ تو پاکستان جیسے ملک میں جہاں معیشت پہلے ہی نازک حالات سے گزر رہی ہو وہاں اگر اناڑیوں کے ہاتھ میں جو خود کو کھلاڑی سمجھتے تھے معیشت دے دی اور انہوں نے برا حال کردیا۔ اب کسی بھی بگڑی ہوئی چیز جو آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہو اسے ٹھیک کرنا مشکل لگتا ہے ، لیکن کوشش ہے کہ اس بگاڑ کو سدھار میں بدلا جائے۔

’فیصلہ تاجروں سے کروائیں‘

توانائی پالیسی اور بازار جلد بند کرنے کے وفاقی فیصلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پر فیصلہ تاجروں سے لینا چاہئیے، فیصلہ کرنے سے پہلے ان سے مشاورت اور افہام و تفہیم کرنی چاہئیے، سب محب وطن پاکستانی ہیں کوئی نہیں چاہتا کہ وہ ایسی چیز کرے جس سے ملک کو نقصان ہو، میں نہیں سمجھتا کہ پاکستان کا کوئی بھی تاجر ایسا ہوگا جو ملک کی مشکلات کو بڑھائے بلکہ وہ کوشش کرے گا ان اقدامات کا حصہ بنے جو ان مشکلات کو حل کرسکیں۔

’پی ٹی آئی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے‘

سندھ میں پی ٹی آئی کے مستقبل کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کراچی کی قیادت نے بھی مجھ سے رابطہ کیا ہے، وہ بھی پریشان ہیں اور پی ٹی آئی چھوڑ کر ایم کیو ایم پاکستان میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ میں نے ان سے کہا ہے کہ آپ خالد مقبول صدیقی سے براہ راست رابطہ کریں، مناسب نہیں کہ میں وفاق کا نمائندہ ہوتے ہوئے سیاسی معاملات میں مداخلت کروں۔ پی ٹی آئی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ عنقریب عمران خان پیچھے مڑکر دیکھیں گے تو بااعتماد لوگ نظر نہیں آئیں گے۔

بڑا مقصد

ایم کیو ایم کے دھڑوں کے دوبارہ ایک ہونے پر ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی راستہ کبھی بند نہیں ہوتا، مصطفیٰ کمال نے بہت سی باتیں کی ہیں لیکن مقصد بہت بڑا ہے، صوبے کو درست کرنا ہے۔ اس لئے ہم سب کو ایک دوسرے سے معافی مانگنی چاہئیے اور درگزر کرنا چاہئیے۔

’فیملی کیلئے وقت نہیں بچتا‘

بیٹے کی پیدائش اور مصروفیات میں تال میل کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ گورنر بننے کے بعد فیملی کے ساتھ وقت بہت کم مل رہا ہے، سب گلہ کرتے ہیں وقت نہیں دے پارہا تو کوشش کرتا ہوں کہ جو بھی وقت ملے وہ تمام فیملی کو دیا جائے۔

کیا ہے تو مانو

آڈیو ویڈیو لیک کلچر کے بارے میں انہوں نے کسی کا نام نہ لیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جب آپ عوامی شخصیت ہوتے ہیں تو احتیاط کرنی چاہئیے کہ آپ اس قسم کی چیزوں میں ملوث ہی نہ ہوں، اور اگر ہیں بھی تو اتنی ہمت ہونی چاہئیے کہ اسے قبول بھی کریں اور اگر غلطی نہیں سمجھتے تو کہہ دیں کہ میں پلے بوائے تھا اور اس کو اچھا سمجھتا ہوں۔

’خواتین کو آگے آنا چاہئیے‘

ملک میں خواتین کے سیاسی مستقبل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو سیاست میں آگے آنا چاہئیے، گولڈ میڈل لینے والی لڑکیاں اچانک غائب ہوجاتی ہیں، گھر گرہستیوں میں لگ جاتی ہیں، انہیں ملک کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینی چاہئیں۔

کراچی میں جرائم

گورنر سندھ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کراچی میں بڑھتے جرائم پر میں پولیس پر تنقید کرتا رہوں گا، میں نے پولیس حکام کا بارہا ہدایات دی ہیں۔ کراچی میں جرائم کی ایک بڑی وجہ بیروزگاری کے ساتھ ساتھ افغانی اور افغان بستیاں بھی ہیں۔

’نواز شریف کی واپسی ان کا اپنا فیصلہ ہے‘

نواز شریف کی واپسی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ خود ان کی جماعت اور نواز شریف کا فیصلہ ہوگا، میں بحیثیت نمائندہ وفاق اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا۔

’ریاست جانے اور الطاف حسین‘

بانی ایم کیو ایم کی واپسی کے امکان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کبھی ان سے ملا نہیں ، نہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس حوالے سے کوئی بات کی۔ لیکن یہ بات درست ہے کہ ان کا معاملہ ریاست کے ساتھ ہے اور بحیثیت وفاق کا نمائندہ میں اپنی ریاست کے ساتھ کھڑا ہوں، اب ریاست جانے اور الطاف حسین صاحب جانیں۔

MQM Pakistan

kamran tessori