Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

8 جولائی کو خبردار کیا تھا نومبر دسمبر میں آٹے کا بد ترین بحران پیدا ہوگا، فواد چوہدری

باقی معاملات کی طرح آٹے کا بحران بھی ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے
شائع 08 جنوری 2023 11:18am
فواد چوہدری   فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فواد چوہدری فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

سابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ 8جولائی کو خبردار کیا تھا نومبر دسمبر میں آٹے کا بد ترین بحران پیدا ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ 8جولائی کو میں نے پریس کانفرنس میں خبردار کیا تھا کہ نومبر دسمبر میں آٹے کا بد ترین بحران پیدا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے حکومت اور ادارے کئی ماہ سے صرف عمران خان کا سیاسی قد کم کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف رہے اور اب باقی معاملات کی طرح آٹے کا یہ بحران بھی ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مونس الہیٰ اور ان کے خاندان پر دباؤ بڑھانے کے لئے انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف اس کی شدید مذمت کرتی ہے، موجودہ حکومت کو برقرار رکھنے کے لئے اسٹیبلشمنٹ کے پاس طاقت کے استعمال کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔

اب مہنگائی کی جگہ ٹھکائی مارچ ہوسکتا ہے، شیخ رشید

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے آٹے کے حصول کے لئے عوام کے رش کی تصویر شیئر کرتےہوئے لکھا کہ آٹے کی قلت اور غریب ایک ایک لقمے کے لئے ترس گیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ 2 وقت کی روٹی کے لئے پہلی شہادت میرپور خاص میں ہو گئی ہے، اب مہنگائی کی جگہ ٹھکائی مارچ ہوسکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ زرمبادلہ کےذخائر 4.5 ارب ڈالر رہ گئے جو 20 روز سے کم کاامپورٹ ہے، 9 ماہ کی تباہی اور ڈیفالٹ سے بچنے کا روڈ میپ چاہیئے۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ 76 رکنی کابینہ ایک آٹے کا تھیلا نہیں دےسکی، 100 دنوں میں الیکشن شیڈول دینا ہوگا ورنہ تباہی ہے۔

جعلی حکومت کے نااہل وزراء کے چہروں پر کوئی شرمندگی نہیں، مسرت جمشید چیمہ

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کل سندھ میں ایک شہری سستا آٹا لیتے ہوئے بھگدڑ مچنے سے جان کی بازی ہار گیا، جب ایک زرعی ملک میں آٹے کے لئے عوام مرنے لگے تو اسے ڈیفالٹ ہی کہتے ہیں، پاکستان عملی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کے نااہل وزراء کے چہروں پر کوئی شرمندگی نہیں،پاکستان کی غریب عوام اب فاقوں پر پہنچ چکی ہے۔

مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ اشیاء خورد و نوش کی قلت کے بعد اب پیٹرول مزید مہنگا کرنے کی بھی تیاری ہے، اگر حالات کنٹرول نہ کیے گئے تو کچھ روز میں عوام معاملات خود اپنے ہاتھ میں لے لے گی۔

آج کل چاروں طرف مایوسی چھائی ہوئی ہے، اسد عمر

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج کل چاروں طرف مایوسی چھائی ہوئی ہے لیکن جیسا بابا بلھے شاہ نے کہا ہے ”چڑھدے سورج ڈھلدے ویکھے، بجھے دیوے بلدے ویکھے“، اللہ کی ذات بجھا ہوا دیا بھی روشن کرسکتی ہے۔

اسد عمرنے مزید کہا کہ انشاء اللہ یہ ملک ان مشکلات سے نکلے گا او پھلے پھولے گا۔

Sheikh Rasheed

اسلام آباد

Asad Umer

Fawad Chaudhary

Musarrat Jamshed Cheema

Flour Shortage