Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

معاشی صورتِ حال کی وجہ سے حکومت مارچ تک ختم ہوجائے گی، شبر زیدی

آئی ایم ایف سے اگلے پلان پر عبوری حکومت بات کرے گی، شبر زیدی
شائع 07 جنوری 2023 09:16pm

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ معاشی صورتِ حال کی وجہ سے حکومت مارچ تک ختم ہوجائے گی، آنےوالی حکومت کو آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنا ہوں گے۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے پہلےعبوری حکومت نے آنا ہے، تین ماہ پہلے انتخابات ہونے سے کیا ہوجائے گا۔

شبرزیدی نے کہا کہ جون میں آئی ایم ایف کا پروگرام ختم ہوجائے گا، جون کے بعد آئی ایم ایف کا اگلا پروگرام ہوگا، آئی ایم ایف سے اگلے پلان پر عبوری حکومت بات کرے گی۔

سابق چئیرمین ایف بی آر نے کہا کہ موجودہ حکومت مارچ تک ختم ہوجائے گی، دسمبر میں آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اب سیاسی نہیں، ملکی مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے، پی ڈی ایم کو قبل ازوقت انتخابات سے فائدہ ہوگا۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما قیصر احمد شیخ نے کہا کہ معاشی معاملات میں سیاست نہیں ہونی چاہئے، شہباز شریف میثاق معیشت کی بات کررہے ہیں، ملک سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، کوئی ایک شخص معاشی حالات بہتر نہیں بنا سکتا، فردِ واحد کو معیشت سے متعلق فیصلے نہیں کرنے چاہئیں۔

قیصر شیخ نے کہا کہ تجربہ کار افراد کا معاشی بورڈ بنایا جانا چاہئے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ معیشت کو سیاست سے جوڑنے سے بیڑا غرق ہوا، معیشت کو سیاست سے جوڑنا بڑی غلطی ہے، عمران خان نے کہا معیشت سیاست کا حصہ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آمریت میں بھی معیشت کو سیاست سے جوڑا گیا، الزام تراشیوں سے مسائل حل نہیں ہوں گے، معیشت کے ساتھ سیاست نہیں ہونی چاہئے۔

سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ الیکشن سےمعاشی مسائل حل نہیں ہوں گے، ایسے ہی ڈیل کیا جاتا رہا تو مزید حالات خراب ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن مارچ میں ہوں یا جولائی میں، آئی ایم ایف کے بغیر نہیں رہ سکتے۔

Saleem mandviwala

Shabbar Zaidi

Qaiser Ahmed Sheikh