Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

اسلام آباد بلدیاتی الیکشن: صدر دستخط کریں یا نہ کریں 10 دن بعد یہ قانون بن جائے گا، وزیرداخلہ

اگلے ہفتے سینیٹ و پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا، رانا ثنا اللہ کی آج نیوز سے گفتگو
شائع 06 جنوری 2023 01:59pm

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ الیکشن ترمیمی بل کی عدم منظوری پرحکومت نے نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

ہائیکورٹ کے فیصلے سے قبل حکومت ترمیمی بل کو منظور کرانے کے لئے متحرک ہوگئی جبکہ قانونی مشاروت مکمل کرکے حکومت نے معاملہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے اگلے ہفتے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تصدیق کر دی ہے۔

وزیرداخلہ نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے قومی اسمبلی و سینیٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا اور اجلاس سے منظور کروا کر بل دوبارہ صدرکو بھیج دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر دستخط کریں یا نہ کریں 10 دن بعد یہ قانون بن جائے گا اور صدر زیادہ سے زیادہ 10 دن تک اس میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ صدر نے یہ بل واپس کرکے ثابت کیا ہے کہ ان کا ابھی کچھ نہیں بگڑا، عدالتیں ایکٹ آف پارلیمنٹ کے خلاف نہیں جاسکتیں اور ایکٹ آف پارلیمنٹ ہوچکا ہے، اب اس قانون کے مطابق ہی الیکشن ہوگا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عدالتیں اپنی ذمہ داری پوری کریں گی، اگلے منگل یا بدھ کو مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا۔

اسلام آباد

Rana Sanaullah

Islamabad LG polls Dec 31