ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کے بعد پاک سرزمین پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب
ایم کیوایم کی جانب سے مردم شماری اورحلقہ بندیوں کی درستی کیلئے 9 جنوری کو کیے جانے والے احتجاج میں شرکت کی دعوت کے بعد پاک سرزمین پارٹی نے آج شام ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ایس پی کے تمام کارکنان اور ذمے داران کو طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی احتجاجی ریلی میں شرکت کے لیے کارکنان کواعتماد میں لیا جائے گا۔ امکان ہے کہ پاک سرزمین پارٹی ریلی کی صورت میں ایم کیو ایم مرکزبہادر آباد جائے گی۔
گزشتہ روز خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیوایم وفد نے پی ایس پی قیادت سے ملاقات میں مصطفیٰ کمال کو مردم شماری اور ووٹرز لسٹوں پر نو جنوری کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جعلی مردم شماری اوربوگس ووٹر لسٹوں پربلدیاتی انتخابات قبول نہیں کرسکتے۔ کراچی کی بقا کیلیے متحد ہونا ضروری ہے۔
ملاقات کے بعد کی جانے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں مصطفیٰ کمال کا بھی کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل پر جو آواز اٹھائے اس کا ساتھ دیں گے۔مشکل فیصلے کرنے پڑے تو کریں گے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے موجودہ ووٹرلسٹ پر بلدیاتی انتخابات قبول نہ کرتے ہوئے مردم شماری اور حلقہ بندیاں دوبارہ کروانے کا مطالبہ کررکھا ہے۔ اسی سلسلے میں 9 جنوری کوالیکشن کمیشن سندھ کے سامنے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔
دوسری جانب سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے بھی ایم کیو ایم کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات اور حلقہ بندیوں کا معاملہ چند روز میں حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے اور رہے گی، معاملے سے متعلق ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان بھی آج ایک اور ملاقات کا امکان ہے۔
Comments are closed on this story.