Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

میکسیکو جیل پر حملہ، محافظوں سمیت 17 ہلاک، گینگ سرغنہ سمیت 25 قیدی فرار

اگست کے مہینے میں اسی جیل میں شروع ہونے والےہنگامے واریز شہر کی سڑکوں تک پھیل گئے تھے اور گیارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
شائع 03 جنوری 2023 10:27pm
تصویر بزریعہ روئٹرز
تصویر بزریعہ روئٹرز

میکسیکو حکام کے مطابق ایل پاسو، ٹیکساس سرحد کے پار سیوڈاڈ ہواریز میں ریاستی جیل پر حملے کے بعد مرنے والوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے، جب کہ رائٹرز کی رپورٹ میں یہ تعداد 19 بتائی گئی ہے ۔

سیکیورٹی سے متعلق عہدے دار روزا آئسلا راڈریگر نے پیر کے روز بتایا کہ اس حملے میں جیل کے دس محافظ ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز بکتر بند گاڑیوں میں سوار لوگ مسلح ہو کر ریاستی جیل پہنچے اور داخلی دروازے کے رہائشی کوارٹرز پر حملہ کیا۔ اس موقع پر ہونے والی بھگدڑ کے دوران 25 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

راڈریگر کا کہنا تھا فرار ہونے والوں کا تعلق میکسیکلز گینگ اور کابورکا کارٹل سے تھا جس میں ان کا سرغنہ بھی شامل ہے۔

میکسیکو حکام کا کہنا ہے کہ فوجیوں اور ریاستی پولیس نے ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد جیل کا کنٹرول دوبارہ سنبھال لیا ہے۔ جیل کے معائنے کے دوران حکام کو پتہ چلا کہ قیدیوں کی دس کوٹھریوں میں وی آئی پی سہولیات موجود تھیں جن میں ٹیلی وژن بھی تھے، جبکہ ایک کوٹھری میں نقدی سے بھری ہوئی ایک تجوری بھی موجود تھی۔

میکسیکو کی ریاست چیواوا کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایک بیان میں بتایا کہ صبح سویرے متعدد مسلح افراد گاڑیوں میں سوار ہو کر آئے اور انہوں نے جیل پر دھاوا بول دیا۔

حملہ آوروں نے محافظوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے انہیں سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔ ابتدائی اطلاعات میں حملے میں 10 محافظوں سمیت ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14 بتائی گئی تھی۔

اس دوران 24 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں کے علاوہ 13 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ریاست چیواوا ٹیکساس کے پاس ایک خودمختار علاقہ ہے جہاں جرائم پیشہ افراد اور ڈرگ مافیا کے کا رندوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔

اگست کے مہینے میں اسی جیل میں شروع ہونے والےہنگامے واریز شہر کی سڑکوں تک پھیل گئے تھے اور تشدد میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس واقعے میں، جیل کے اندر دو قیدیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا اور پھر مبینہ گینگ کے ارکان نے قصبے میں فائرنگ شروع کر دی تھی، جس میں ایک ریستوران میں ایک اشتہاری مہم کے دوران، ایک ریڈیو سٹیشن کے چار ملازمین ہلاک ہو گئے تھے۔

میکسیکو کی جیلوں میں تشدد کے واقعات کثرت سے ہوتے ہیں، بشمول کچھ ایسی جیلوں کےجہاں حکام صرف برائے نام کنٹرول رکھتے ہیں۔ حریف گروہوں کے قیدیوں کے درمیان باقاعدگی سے جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جو واریز جیسے مقامات پر منشیات کے کارٹلز کے لیے پراکسی کا کام کرتے ہیں۔

ریاستی پراسیکیوٹر کے دفتر کے بیان کے مطابق، اتوار کو جیل پر حملے سے کچھ دیر پہلے، میونسپل پولیس پر حملہ کیا گیا جو تعاقب کے بعد چار افراد کو پکڑنے میں کامیاب ہو گئی۔ بعد میں، پولیس نے ایک ایس یو وی میں سفر کرنے والے دو مبینہ بندوق برداروں کو ہلاک کر دیا۔

Mexico Prison Attack

Gang war