Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم سے کئے وعدے پورے نہیں کیے، گورنر سندھ

چاہتا ہوں سب میں اتفاق رائے قائم ہو، کامران ٹیسوری
شائع 01 جنوری 2023 07:44pm
کامران ٹیسوری (فوٹو: اے پی پی/فائل)
کامران ٹیسوری (فوٹو: اے پی پی/فائل)

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم سے کئے وعدے پورے نہیں کیے، اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو ایم کیو ایم اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہے۔

لاہور میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ نفاق کو جنم دیا گیا تو پیپلزپارٹی سے اتحاد ختم ہوسکتا ہے، پی پی ایم کیو ایم سے کئے وعدے پورے کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے گروپس میں اتحاد پیدا کرنا چاہتا ہوں، چاہتا ہوں سب میں اتفاق رائے قائم ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو ایم کیو ایم کے تحفظات سے آگاہ کیا، انہوں نے پیپلزپارٹی سے بات کرنے کا یقین دلایا۔

اس سے قبل، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، دونوں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی واقتصادی صورت حال کے علاوہ بین الصوبائی ہم آہنگی اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے کامران ٹیسوری کو بتایا کہ اتحادی حکومت کی کوششوں سے ملک میں معاشی استحکام آنا شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے گورنر سندھ کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا دونوں صوبے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر عوامی مسائل بہتر طریقے سے حل کر سکتے ہیں۔

Governor Sindh

governor punjab

MQM Pakistan

kamran tessori

Pakistan People's Party (PPP)