Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

انڈیا میں پاکستان کی فلم ’مولا جٹ‘ کی نمائش اچانک منسوخ

فلم دلی اور پنجاب میں 30 دسمیر کو ریلیز ہونے والی تھی
شائع 31 دسمبر 2022 10:48pm

پاکستانی پنجابی فلم کی پڑوسی ملک بھارت میں نمائش کو ایک بار پھر نامعلوم وجوہات کی بنا پر مؤخر کردیا گیا۔

بی بی سی اردو کے مطابق پاکستان کی ایکشن فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ دہلی اور پنجاب میں 30 دسمبر کو ریلیز ہونے والی تھی لیکن نمائش سے قبل فلم کی ریلیز منسوخ کر دی گئی ہے۔

انڈیا کے ملٹی پلیکس سنیما گروپ پی وی آر اور آئی ناکس کے ایک اہلکار کے مطابق ہمیں فلم کے ڈسٹریبوٹرز نے بتایا ہے کہ فلم کی ریلیز منسوخ کر دی گئی ہے، ہمیں اس کے بارے میں دو تین دن پہلے بتایا گیا تھا، اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے اورنہ ہی ریلیز کے لیے آئندہ کی کوئی تاریخ بتائی گئی ہے۔

26 دسمبر کو آئناکس سنیما گروپ کے چیف پروگرامنگ افسر راجندر سنگھ جیالا نے بتایا تھا کہ ’مولا جٹ‘ ان سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی جہاں پنجابی بولنے والوں کی اکثریت رہتی ہے۔

ان کے اس اعلان کے بعد انڈیا میں اس فلم کا انتظار کیا جا رہا تھا۔ اس فلم کے اشتہاری پوسٹرز بھی ’بک مائی شو‘ جیسے پلیٹ فارمز پر آ گئے تھے۔ اس ہفتے کے اوائل میں پی وی آر سنیما گروپ نے اپنے انسٹا پیج پر مولا جٹ کی ریلیز کی تاریخ شیئر کی تھی لیکن ایک دو دن کے اندر ہی یہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی گئی۔

بعض خبروں میں بتایا گیا ہے کہ انڈیا کے سنسر بورڈ ’سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن‘ نے فلم کی نمائش کی اجازت واپس لے لی ہے۔ تاہم بورڈ کی طرف سے اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے اور نہ ہی بورڈ کی ویب سائٹ پر اس کے بارے میں کوئی خبر ہے۔

سنیما گھروں میں فلم کی نمائش کا اعلان عموماً سنسر بورڈ سے فلم کی نمائش کی اجازت ملنے کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اگر دی لیجنڈ آف مولا جٹ انڈیا کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوتی تو یہ سنہ 2011 میں ”بول“ کے بعد سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہوتی۔

The Legend of Maula Jatt