پاکستان ریلویز کو سیلاب کے باعث 500 ارب کا مالی نقصان اٹھانا پڑا
رواں برس پاکستان ریلویز کو صرف سیلاب کے باعث ادارے کو500 ارب روپے سے زائد مالی نقصان اٹھانا پڑا جبکہ مختلف ٹرین حادثات میں چار افراد لقمہ اجل بنے کیونکہ پیسنجر سیفٹی کے اعتبارسے خاطر خواہ بہتری نظرآئی۔
رواں سال کو پاکستان ریلوے کیلئے پیسنجرسیفٹی کے حوالے سے مثالی تو قرار نہیں دیا جاسکتا البتہ کارکردگی کافی اچھی رہی اور پیسنجر اور مال گاڑیوں کے چھوٹے بڑے 53 حادثات ہوئے، جن میں چار افراد جان کی بازی ہارگئے۔
مالی اعتبارسے سال 2022 کو پاکستان ریلویز کیلئے بدقسمت سال کہا جائے، تو بے جا نہ ہوگا۔ ترجمان ریلویز بابر رضا کے مطابق سیلاب کی وجہ سے انفراسٹرکچر کی تباہی کی صورت میں ادارے کو کئی سو ارب کا نقصان ہوا۔
ترجمان ریلویز کا کہنا ہے کہ دو ماہ ٹرین آپریشن کی بندش سے ہونے والا مالی نقصان الگ ہے جبکہ بلوچستان میں ٹرین آپریشن ابھی تک مکمل بحال نہیں ہوسکا۔
وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ادارے کی مالی حالت بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہیں اورحال ہی میں چائنہ سے 46 نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ کوچز لاہور پہنچ چکی ہیں۔ ایم ایل ون پر کام شروع کرانے کی بھی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
Comments are closed on this story.