Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کرم: سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں 3 اہلکار شہید

وزیراعظم کا شہید اہلکاروں کو خراج تحسین
شائع 29 دسمبر 2022 08:30pm

درمیان کرم کے علاقے آراولی میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ تین سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاکس فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرم کے علاقے آراولی میں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔

اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نمارے گئے دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں خیرپور کے 43 سالہ صوبیدار شجاع محمد، خضدار کے 32 سالہ نائیک محمد رمضان اور سکھر کے 30 سالہ سپاہی عبدالرحمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔

علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

وزیراعظم کا خراجِ تحسین

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ضلع کرم میں کارروائی پر پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، قوم کی دعائیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہیں۔

ISPR

Kuram Firing