Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کو ’ٹیکنو کریٹ‘ حکومت اور ’سیاسی انجینئرنگ‘ کی ہوا کہاں سے لگی

ٹیکنو کریٹ حکومت کون لا سکتا ہے، جمہوری جماعتوں کا ردعمل کیا ہوگا۔
شائع 28 دسمبر 2022 08:53pm
Imran Khan allegations, Kiya mulk main Technocrat hukumat anay wali hai?| Faisla Aap Ka

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیض اللہ کموکا کہتے ہیں کہ عمران خان کے ٹیکنوکریٹ حکومت والے بیان میں کوئی نہ کوئی حقیقت ضرور ہے۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے فیض اللہ کموکا نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے وزیراعظم رہے ہیں ، ان کے پاس خبریں آتی رہتی ہیں، ان کے اپنے ذرائع بھی ہیں۔

اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر رانا مقبول احمد کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی سسپنس نہیں ہے، یہ بات سابق چئیرمین بورڈ آف ریوینیو شبر زیدی نے شروع کی تھی، نہ تو وفاقی حکومت اس پر غور کر رہی ہے اور نہ ایسا کچھ ہوگا۔ یہ ساری جماعتیں جمہوری ہیں ، جمہوریت کیلئے ان سب نے جدوجہد کی ہے تو یہ نہیں چاہیں گے کہ ایسا کچھ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے بیوروکریٹس ہوتے ہیں جنہیں پوری طرح سے جمہوری جدوجہد کا ادراک نہیں ہوتا، وہ شارٹ کٹ اور فوری جامد حل چاہتے ہیں، ساری فوجی حکومتیں سارے جرنیلوں کی حکومتی ٹیکنو کریٹ حکومتیں ہوتی تھیں۔

رانا مقبول نے کہا کہ حکومت نے اپنا فوکس معیشت پر کیا ہوا ہے، پچھلے تین چار مہینوں سے پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے بجائے کم ہوئی ہیں، کئی معاملوں میں بہتری آرہی ہے۔

ٹیکنو کریٹ حکومت پر جمیعت علماء اسلام کا ردعمل کیا ہوگا، اس سوال کا جواب دیتے ہوئے جے یو آئی کے رہنما حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ جمیعت علماء اسلام ایک جمہوری سیاسی پارٹی ہے اور اسلامی سیاست کرنے والی ایک تحریک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک ٹیکنو کریٹ حکومت کی بات ہے، تو نہ یہ آئینی تقاضہ ہے اور نہ جمہوری، اس کی پاکستان کے آئین میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹ حکومت ہمیشہ پاکستان کی اسٹبلشمنٹ بناتی ہے، پی ڈی ایم اور جے یو آئی کا ایک ہی موقف ہے کہ حکومت بنانے کا ایک ہی راستہ آئین نے دیا ہے اور وہ ہے عوام کا راستہ ووٹ کا راستہ۔ چور دروازے سے ٹیکنو کریٹ حکومت آئی تو جمیعت اس کے خلاف ہوگی۔

عمران خان کے سیاسی انجینئیرنگ والے بیان پر رانا مقبول کا کہنا تھا کہ یہ بس سیاسی چالیں ہیں، ان میں کوئی حقیقت نہیں ہے، پی ٹی آئی کو وہم ہوتا رہتا ہے، انہیں اس طرح کے خواب آتے رہتے ہیں، ”جو ان کیلئے سیاسی انجینئیرنگ کرتے تھے وہ تو توبہ توبہ کرگئے، کانوں کو ہاتھ لگا گئے۔“

جے یو آئی میں نئی شمولیتوں کے حوالے سے حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ جمیعت علماء اسلام کے بارے میں ذہنیت تھی یہ ملاؤں کی جماعت ہے اور اس میں ملاؤں کی ملائیت اور پاپائیت ہے، لیکن آج ثابت ہوگیا کہ یہ ایک جمہوری اور اسلامی پارٹی ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان بھی جے یو آئی میں شامل ہو رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ہمارا ان سے اس معاملے پر کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

pti

PMLN

faisla aap ka

JUI F

hafiz hamdullah

Rana Maqbool Ahmed

Faizullah Kamoka