Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

سونا، ڈالر یا پراپرٹی: 2022 میں پاکستانیوں کیلئے سب سے زیادہ فائدہ مند کیا رہا

سب سے زیادہ نقصان میں کون رہا
شائع 28 دسمبر 2022 08:00pm

رواں سال سونے نے فائدہ پہنچانے میں ڈالر اور پراپرٹی سمیت دیگر تمام اثاثوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹی ایجنسی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سونا 40 فیصد سے زیادہ منافع دے کر 2022 میں ٹاپ پرفارمر رہا۔

سونے کے بعد ڈالر پر مبنی ایک سالہ ”نیا پاکستان سرٹیفکیٹ“ اور ”امریکی کرنسی“ کو اس سال سب سے زیادہ منافع بخش اثاثوں میں شمار کیا گیا۔

تینوں اثاثہ جات کے زمروں نے جو ریٹرن فراہم کیے وہ 2022 میں لگ بھگ 20 فیصد کی متوقع اوسط افراط زر سے زیادہ تھے۔

ٹاپ لائن سکیورٹی کے مطابق سال 2022 میں سونے کی قیمت 41 فیصد اضافے کے ساتھ 108,200 روپے فی 10 گرام سے بڑھ کر 152,700 روپے ہوگئی۔ 2021 میں اس کی شرح میں 11 فیصد اضافہ ہوا۔

مقامی صرافہ مارکیٹ میں بھی، بلیک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

ٹاپ لائن کا کہنا ہے کہ فی الحال، سونے کی قیمت سرکاری شرح کے بجائے بلیک مارکیٹ کی برابری پر ہے، جو کہ 10 فیصد کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے پر بھی بڑی سٹے بازی شروع

دوسری جانب روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے تحت اسکیم ”نیا پاکستان سرٹیفکیٹ“ رکھنے والے سرمایہ کاروں کو بھی پاکستانی روپے میں 36 فیصد کا منافع ہوا جس کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے۔

اسی طرح ڈالر رکھنے والے سرمایہ کاروں نے 2022 میں 28 فیصد منافع کمایا ، امریکی کرنسی کے لیے سرکاری بینک کا ریٹ 2021 کے آخر میں 177 روپے سے بڑھ کر 226 روپے ہو گیا ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق، بہت سے سرمایہ کاروں نے 2022 میں شرح سود میں اضافے کی وجہ سے اپنا سرمایہ فکسڈ انکم اثاثوں میں منتقل کیا، جو اس سال پاکستان میں 9.75 فیصد سے بڑھ کر 16 فیصد ہوئی ہے۔

اس کے نتیجے میں 3 ماہ کے ٹریژری بل پر اوسطاً 14 فیصد ریٹرن ملا، جبکہ مقامی منی مارکیٹ فنڈز نے بھی 2022 میں اوسطاً 14 فیصد ریٹرن دیا۔

سال 2022 میں، بینک ڈپازٹس (کرنٹ اکاؤنٹس کے علاوہ) اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ خصوصی بچت سرٹیفکیٹس پر اوسط منافع 11 فیصد رہا۔

رواں سال میں سب سے مشہور اور بڑے پیمانے پر فالو کیا جانے والا پراپرٹی سیکٹر بھی میکرو اکنامک خدشات کی وجہ سے متاثر ہوا۔

2022 میں گھروں، پلاٹوں اور رہائشی املاک سے کے اشاریے 12 سے 14 فیصد تک بڑھے۔

سونا

ڈالر

Interest Rate

dollar rates

Property

Gold rates Pakistan