طاقتور مغربی ہواؤں کا سسٹم پاکستان میں داخل، کئی شہروں میں بارش اور برفباری کا امکان
رواں سال کا آخری طاقتور ہواؤں کا مغربی سسٹم بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے، جس کے باعث صوبے کے کئی مقامات پر ہلکی و تیز بارشوں اور پہاڑوں پر ژالہ باری اور برف باری کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق کوئٹہ، خضدار، زیارت اور آس پاس کے علاقوں میں درمیانی سے تیز برفباری کا امکان ہے، جبکہ ساحلی مقامات پر تیز اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
انتیس تاریخ سے یہ سسٹم شمالی علاقہ جات جیسے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کا رخ کرے گا جس کے باعث ان علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر بھاری برفباری کا امکان ہے۔
سسٹم خیبرپختونخوا پہنچے گا تو پنجاب کے بالائی علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے، ان علاقوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، بھوربن، ٹیکسلا اور دیگر شامل ہیں۔ آنے والے سسٹم سے سندھ کے کچھ بالائی علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، اس سسٹم کے تحت کراچی میں بارش کے امکانات 20 سے 30 فیصد ہیں۔
Comments are closed on this story.