Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہم اسمبلی میں جانے کا کہتے ہیں تو اسپیکر فرار ہوجاتے ہیں، فواد چوہدری

ہمارے اراکین نے ایوان میں کھڑے ہوکر استعفے دیے
شائع 28 دسمبر 2022 03:10pm
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم اسمبلی میں جانے کا کہتے ہیں تو اسپیکر فرار ہوجاتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ استعفوں کے معاملے پر آج اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس جانا تھا لیکن اب ارکان کو کل بلایا گیا ہے، ہمارے اراکین نے ایوان میں کھڑے ہوکر استعفے دیے، استعفے دینے کے بعد آج تک الیکشن نہیں ہوئے، ہم نے اسپیکر کو تصدیق کے لئے خط بھی لکھا، جب ہم اسمبلی میں جانے کا کہتے ہیں تو اسپیکر فرار ہوجاتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کابینہ بیرونی دورے پر ہی رہتی ہے، ان لوگوں نے بیرونی دوروں کا نام حکومت رکھا ہوا ہے۔

فواد چوہدری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 8 ماہ کے دوران دہشت گردی میں 52 فیصد اضافہ ہوگیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں دنیا بھر کے سیاح پاکستان آرہے تھے، آج دوسرے ممالک اپنے شہریوں پر پابندی لگا رہے ہیں، کئی ملکوں نے اپنے شہریوں کو پاکستان جانے کے بارے میں ایڈوائزری جاری کردی ہے ۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی افغان پالیسی بہت مثبت تھی، بلاول کو افغانستان کی صورتحال کا علم ہی نہیں، حکومت انضمام اضلاع کو ایک روپیہ بھی نہیں دے رہی، حکومت کا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہوتا ہے، شہبازشریف نے ایک دن بھی افغانستان صورتحال پربریفنگ نہیں لی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہماری بہترین حکومت کو گھربھیج دیا گیا، جوکروں کی حکومت کو ہم پر مسلط کردیا گیا، پاکستان کے ساتھ مزید تجربات بند کردیے جانا چاہئیں، معاشی بحران سیاسی بحران کی وجہ سے ہے، آئین سے ماورا نظام ہمیں قبول نہیں، ہم ملک میں فوری طور پر عام انتخابات چاہتے ہیں۔

pti

اسلام آباد

media talk

Fawad Chaudhary