Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ثابت کرسکتا ہوں ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں، معیشت پر سیاست نہ کی جائے، اسحاق ڈار

انٹیلی جنس ایجنسیاں ڈالر اسمگلنگ روکنے میں اہم کردار کر رہے ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں خطاب
شائع 28 دسمبر 2022 11:03am
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ثابت کرسکتا ہوں ڈیفالٹ کا خطرہ نہیں، معیشت پر سیاست نہ کی جائے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتےہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ تعلق کئی سال سے ہے، ملکی معیشت کی بہتری کے لئے کوشاں ہیں، پی ٹی آئی دور حکومت میں ایس ای سی پی پر توجہ نہیں دی گئی، ہمیں کارپوریٹ سیکٹر کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے، ملکی معیشت کی بہتری میں اسٹاک مارکیٹ کا کلیدی کردارہے۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ ذمہ داری سنبھالی توایس ای سی پی اوراسٹاک ایکس چینج پرتوجہ مرکوز کی، ہمارے گزشتہ دور میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج جنوبی ایشیا کی بڑی اسٹاک مارکیٹ تھی، کاروباری طبقہ ملکی ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، ہمیں ماضی کی غلطیاں نہیں دہرانی چاہئیں، ہمیں آگے جانے کے لئے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 3 ماہ سے ایک بات روز سنتے ہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، یہ ماضی کا پاکستان نہیں، کیوں ڈیفالٹ کر جائے گا، لوگ اس طرح کی باتوں پر توجہ نہ دیں، بدقسمتی سے ذاتی مفاد اور سیاست کے لئے ملکی معیشت پر غلط بات کی جاتی ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ کاروباری طبقہ معاشی بہتری کے لئے کردار ادا کرتا ہے، معیشت پر سیاست نہ کی جائے، ملک کو بھنور سے نکالنے کے لئے تعاون کیا جائے، پاکستان کا ڈیفالٹ ہونے کا کوئی چانس نہیں، 2013 میں پاکستان کو ایک ڈالر بھی نہیں دیا جارہا تھا۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ ملک کو درپیش سنگین مسائل سے نکالنے کے لئے ہمیں کام کرنا ہوگا، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے، ہم اقدامات کررہے ہیں، ہم پیرس کلب نہیں جائیں گے، پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا روکنا ہوگا، سستی سیاست کے لئے ملک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ثابت کرسکتا ہوں ملک ڈیفالٹ نہیں کرے گا، لوگوں کو اس ڈر سے نکالنا ہوگا، ہم ہوں یا نہ ہوں ملک آگے بڑھے گا۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ سرحدی علاقوں میں ڈالر کی اسمگلنگ کو ہر صورت روکنا ہوگا۔

Ishaq Dar

Finance minister

pakistan stock exchange