مولانا طارق جمیل دل کا دورہ پڑنے کے بعد رو بہ صحت
پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کو گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کے باعث کینیڈا میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم اب ان کی صحت بہتر ہے۔
مولانا طارق جمیل گزشتہ ہفتے پاکستان سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو پہنچے جہاں انہیں ایک اسلامی کانفرنس میں شرکت کرنی تھی۔
مولانا طارق جمیل نے اس کانفرنس کے افتتاحی اور اختتامی اجلاس سے خطاب کیا۔ گزشتہ شام بھی ان کے اعزاز میں ایک تقریب رکھی گئی تاہم اسے منسوخ کردیا گیا، کیونکہ دن سے ہی مولانا طارق جمیل کی طبیعت خراب تھی۔
رات کے تین بجے ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی اور انہیں قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بتایا کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔
مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے والد کو دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کی تھی۔
یوسف جمیل نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا تھا کہ والد اس وقت کینیڈا میں ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے لکھا تھا کہ اللہ کے فضل سے اب ان کی حالت بہت بہتر ہے، عوام سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ رب العزت والد صاحب کو صحتِ کاملہ عطا فرمائے، آمین۔
یوسف جمیل کے بیان کو مولانا طارق جمیل کے آفیشل اکاؤنٹ سے بھی ری ٹوئٹ کیا گیا تھا۔
تاہم اب یوسف جمیل نے تصدیق کی ہے کہ مولانا طارق جمیل رو بہ صحت ہیں۔
انہوں ٹوئٹر پر اطلاع دی کہ مولانا طارق جمیل اب بہت بہتر ہیں۔ تاہم انہیں مزید تین دن تک ڈاکٹرز نے اسپتال میں اپنی نگرانی میں رکھنا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
مولانا طارق جمیل کے ٹوئٹر سے اکاؤنٹ سے ان کی نئی تصویر بھی جاری کی گئی ہے۔
ساتھ ہی ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ ”اللہ کے فضل اور آپ احباب کی دعاؤں سے اب طبیعت قدرے بہتر ہے۔ تین دن مزید ہسپتال میں ڈاکٹرز کے زیرِ نگہداشت رہنے کے بعد انشاءاللہ ڈسچارج کر دیا جائے گا۔“
Comments are closed on this story.