Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

مہنگائی میں پسے عوام کی ہم سے بہت سی توقعات ہیں،وزیراعظم

قابل تجدید توانائی ذرائع پر انحصار وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا شمسی توانائی کانفرنس سے خطاب
شائع 27 دسمبر 2022 07:19pm

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد میں شمسی توانائی کے حوالے سے منعقد کی گئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مہنگے ایندھن کے باعث معاشی مسائل درپیش ہیں، روس یوکرین جنگ کے نتیجے میں عالمی سطح پر گیس کا بحران پیدا ہوا، امیر ملک منہ مانگی قیمت پر گیس خرید رہے ہیں، جبکہ ترقی پذیر ممالک مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں، مہنگے درآمدی ایندھن کے باعث پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وبا میں تیل اور گیس کی قیمتیں کریش کرگئی تھیں، اس دوران پی ٹی آئی حکومت نے سستا تیل اور گیس نہ خرید کر غفلت کا مظاہرہ کیا، گزشتہ حکومت کی مجرمانہ غفلت نے ملک کو معاشی مسائل کا شکار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قابل تجدید توانائی ذرائع پر انحصار وقت کی اہم ضرورت ہے، ن لیگ کے سابقہ دور میں ڈیم منصوبوں پر کام شروع ہوا، اور اب 10 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے سولر منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے حصول کیلئے مقامی کوئلے کو بھی بروئے کار لا رہے ہیں، نواز شریف دور میں ہزاروں میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، ان کے دور میں سی پیک کے تحت بجلی کے منصوبے لگائے گئے، جبکہ پی ٹی آئی دور میں توانائی اصلاحات نہ ہونے سے گردشی قرضے بڑھے، لائن لاسز اور بجلی چوری گردشی قرضے میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں، اتحادی حکومت معاشی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا، پی ٹی آئی دورمیں نیب کے ذریعے بدترین انتقامی کارروائیاں کی گئیں، ملک کی تعمیرو ترقی اور خوشحالی کا راستہ روکا گیا، نیب نیازی گٹھ جوڑنے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا، عمران دورمیں سیاسی مخالفین پرکرپشن کےجھوٹےالزامات لگائے گئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں پسے عوام کی ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

PM Shehbaz Sharif