ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا، چودھری شجاعت
مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہے، جس کیلئے آئندہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔ عمران خان سمیت سب کو اسمبلی میں واپس آنا چاہیے۔
چودھری شجاعت حسین نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت نوید انور چودھری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، سینیٹر مشاہد حسین سید اور چوہدری شافع حسین سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عوام نے انہیں منتخب کرکے بھیجا ہے، وہ دیکھ رہے ہیں کہ ہمارے نمائندے کیا کررہے ہیں۔ اگر انہوں نے صرف تنخواہ اور دیگر مراعات لینی ہیں تو اس کا کچھ فائدہ نہیں ہے۔ نہ فوج نے آنا ہے نہ کسی اور نے آنا ہے۔ اگر یہ وقت گزر گیا تو پھر کسی کے ہاتھ نہیں آئے گا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم سب پاکستان کے لیے کام کریں گے تو بچ جائیں گے۔ اگر ہم اکٹھے نہ ہوئے تو سب کی تباہی ہوگی، ہم سمجھ جائیں گے تو آئی ایم ایف پیسے دے گا، اگر ہم نے سیاست کو نہ سنبھالا تو ایک پیسہ نہیں آئے گا۔
چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ کیا انتخابات مہنگائی بیروزگاری کے خاتمہ میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، سب پارٹیوں کی بات چھوڑ کر پاکستان کی بات کریں، پاکستان کی بات ہوگی تو پارٹیاں رہیں گی اور چلیں گی، اگر ہم سمجھے نہیں تو نہ ملک چلے گا اور نہ پارٹیاں چلیں گی۔ میں نے اپنی پارٹی کو کہا ہے کہ اپنی نہیں پاکستان کی بات کی جائے۔
صدر ق لیگ کا کہنا تھا کہ بہت سی طاقتیں پاکستان کو تباہ کرنا چاہتی ہیں، وہ طاقتیں خطہ میں بھارت کی بالادستی چاہتی ہیں، دشمن ممالک کے سامنے اپنا ریٹ بڑھانے والوں کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
Comments are closed on this story.