عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو مہلت مل گئی
مرحوم ڈاکٹرعامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو مزید مہلت مل گئی ہے۔
سیشن جج شرقی کی عدالت میں ڈاکٹرعامر لیاقت کی نازیبا تصاویر وائرل کرنے کے کیس مرحوم کی سابق اہلیہ دانیہ شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف ائی اے) کے وکیل نے درخواست کی نقل حاصل کرتے ہوئے کہا کہ درخواست میں موقف پڑھنے کے بعد دلائل دے سکیں گے ہمیں مہلت دی جائے۔
ایف ائی اے کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد عدالت نے 29 دسمبر تک سماعت ملتوی کردی ہے۔
ملزمہ کے وکیل ایڈووکیٹ لیاقت گبول نے کہا کہ دانیہ شاہ پر لگائے الزامات جھوٹے ہیں، ایف آئی اے کے پاس دانیہ شاہ کے خلاف کوئی شواہد موجود نہیں ہیں ۔
خیال رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے 23 دسمبر کو دانیہ شاہ کی ضمانت مسترد کردی تھی جس کے بعد دانیہ شاہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔
اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے دانیہ شاہ کو 17 دسمبر کو جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا اور ایف آئی اے نے دانیہ شاہ کو پنجاب کے علاقے لودھراں سے گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ مرحوم ڈاکٹرعامر لیاقت کی بیٹی دعا عامر نے دانیہ شاہ کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔
Comments are closed on this story.