Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، صدر علوی کا کرسمس پر پیغام

ریاست اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق سے پوری طرح آگاہ ہے، صدر علوی
شائع 25 دسمبر 2022 07:20pm

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرسمس کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں حضرت عیسیٰ ؑ کی محبت، امن، رواداری اور انسانیت کے لیے تبلیغ کی گئی اقدار کی یاد دلاتا ہے، حکومت پاکستان اقلیتی برادری کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے جن کی ضمانت اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین میں دی گئی ہے، بلاشبہ پاکستان میں اقلیتیں ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔

کرسمس کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج ساری دنیا اور پاکستان میں لاکھوں مسیحی حضرت عیسیٰؑ کا یومِ پیدائش منا رہے ہیں جنہیں امن، بھائی چارے اور احترام انسانیت کی علامت کے طور پر اس دنیا میں بھیجا گیا تھا۔ کرسمس کا دن ہمیں حضرت عیسیٰ ؑ کی محبت، امن، رواداری اور انسانیت کے لیے تبلیغ کی گئی اقدار کی یاد دلاتا ہے۔ بحیثیت مسلمان، ہم حضرت عیسیٰ ؑ کا خدا تعالیٰ کے ایک عظیم پیغمبر کے طور پر احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتی برادری کے ان بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے جن کی ضمانت اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین میں دی گئی ہے۔

صدر علوی نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان سے قبل ہی اس معاشرے کو مستحکم بنانے کے تمام اصول بتا دیئے تھے۔ قائداعظمؒ نے فرمایا کہ ’’ایمان، نظم و ضبط اور فرض کی بے لوث لگن کے ساتھ کوئی ایسی قابل قدر چیز نہیں ہے جو آپ حاصل نہ کر سکیں‘‘۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمیں بحیثیت قوم آگے بڑھنا ہے، پاکستان کے آئین نے تمام شہریوں کو بلا امتیاز مذہب، ذات پات اور نسل کے حقوق کی ضمانت دی ہے۔ ریاست اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق سے پوری طرح آگاہ ہے اور ملک میں امن، ہم آہنگی اور سیاسی استحکام لانے میں ان کی خدمات کو سراہتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے حکومت نے پاکستان میں اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں اور وہ زندگی کے تمام شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان میں اقلیتیں ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، اس پرمسرت موقع پر میں تمام اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کی وطنِ عزیز کے لیے، خاص طور پر صحت اور تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات کو سراہتا ہوں، میں وطنِ عزیز کے لیے ان کی حب الوطنی اور مخلصانہ خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان میں امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

President Arif Alvi

Message

President of Pakistan

Christmas Day