Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

افغان طالبان نے این جی اوز کی خواتین ملازمین کو کام کرنے سے روک دیا

اسلامی لباس کی پابندی نہ کرنے پر افغانستان میں این جی اوز میں کام کرنے والی خواتین پر پابندی عائد
شائع 24 دسمبر 2022 08:04pm

طالبان کے زیرانتظام افغانستان کی انتظامیہ نے ہفتے کے روز تمام مقامی اور غیر ملکی و غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کیلئے حکم نامہ جاری کیا ہے کہ وہ خواتین ملازمین کو کام پر آنے سے روکیں۔

وزارت اقتصادیات کے ترجمان عبدالرحمٰن حبیب کی جانب سے تصدیق شدہ خط میں کہا گیا ہے کہ خواتین ملازمین کو آئندہ نوٹس تک کام کرنے کی اجازت نہیں ہے، کیونکہ کچھ این جی اوز نے انتظامیہ کی جانب سے تشریح کردہ خواتین کے لیے اسلامی ڈریس کوڈ پر عمل نہیں کیا۔

انتظامیہ کا یہ فیصلہ یونیورسٹیوں کے دروازے خواتین کیلئے بند کرنے کے حکم کے چند دن بعد سامنے آیا ہے، جس کی عالمی سطح پر سخت مذمت کی گئی تھی اور افغانستان کے اندر کچھ جگہوں پر احتجاج اور شدید تنقید بھی کی گئی تھی۔

فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ اس حکم سے اقوام متحدہ کی ایجنسیوں پر کیا اثر پڑے گا، جن کی افغانستان میں بڑے پیمانے پر موجودگی ملک کے انسانی بحران کے دوران خدمات فراہم کر رہی ہے۔

یہ پوچھے جانے پر کہ آیا قوانین میں اقوام متحدہ کی ایجنسیاں شامل ہیں، حبیب نے کہا کہ خط کا اطلاق افغانستان کی انسانی ہمدردی کی تنظیموں کے لیے رابطہ کاری کرنے والی تنظیموں کے تحت ہوتا ہے، جسے ACBAR کہا جاتا ہے۔ اس ادارے میں اقوام متحدہ شامل نہیں ہے لیکن اس میں 180 سے زیادہ مقامی اور بین الاقوامی این جی اوز شامل ہیں۔

تاہم، اقوام متحدہ اکثر اپنے کاموں کو انجام دینے کے لیے افغانستان میں رجسٹرڈ این جی اوز کے ساتھ معاہدہ کرتا ہے۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ خواتین ورکرز اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اہم ہیں کہ خواتین امداد تک رسائی حاصل کر سکیں۔

afghanistan

NGOs

Taliban

Aid Workers

Female workers