Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

بنوں آپریشن میں 3 کمانڈوز، 4 یرغمالی شہید ہوئے، خواجہ آصف

11 زخمیوں میں دو افسران بھی شامل ہیں، وزیر دفاع
شائع 22 دسمبر 2022 06:14pm
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف۔ فوٹو — فائل
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف۔ فوٹو — فائل

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران تین کمانڈوز اور 4 یرغمالی شہید ہوئے۔

ایک ٹویٹ میں خواجہ آصف نے لکھا کہ بنوں میں اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے زخمیوں میں ایک اور جوان نے شہادت کا زوال رتبہ حاصل کیا ہے۔

وزیر دفاع کے مطابق بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں ایس ایس جی کی 3 اور یرغمالی کی 4 شہادتیں ہوئیں جب کہ 11 زخمیوں میں دو افسران بھی شامل ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران 19 دہشت گرد مارے گئے جب کہ 12 دہشت گردوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بنوں کنٹونمنٹ گیٹ کے سامنے واقع سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں یرغمالیوں کو بچانے کے لئے سکیورٹی فورسز نے آپریشن مکمل کیا۔

دہشت گردوں کی ایک بڑی تعداد نے متعدد افراد کو یرغمال بنا رکھا تھا جب کہ پاک فوج نے دو دن میں متعدد دہشتگردوں کو ہلاک اور گرفتار کرکے آپریشن مکمل کیا۔

بعد ازاں بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاونڈ پر حملے کے واقعے کے بعد کینٹ کی جانب سے تمام راستوں کو کھول دیا گیا ہے۔

میرانشاہ روڈ پر معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئیں ہیں جب کہ موبائل سروس تھوڑی دیر میں بحال ہونے کا امکان ہے۔

Khawaja Asif

Bannu

Bannu CTD