Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

تحریک انصاف سپریم کورٹ جانے کی خواہشمند لیکن بینچ دستیاب نہیں

اسپیکر قومی اسمبلی سے شبلی فراز کی ملاقات ناکام
شائع 22 دسمبر 2022 01:45pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے جمعرات کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپنے اجتماعی استعفے پیش کرنے کے بجائے سپریم کورٹ جانے کی تیاری شروع کر دی ہے لیکن اس وقت کوئی بینچ دستیاب نہیں۔

معاملے کو سپریم کورٹ لے جانے کا اعلان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کیا جنہوں نے اعلان سے کچھ دیر قبل اسپیکر راجہ پرویز اشرف سے ملاقات بھی کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا ہے کہ وہ استعفے منظور کرنے کے لیے کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے۔

یاد رہے کہ کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے اعلان کیا تھا کہ اس کے اراکین قومی اسمبلی میں جا کر استعفے دینے کا اعلان کریں گے۔ تحریک انصاف کے 123 اراکین نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پراستعفے دیئے تھے جن میں سے کچھ استعفے اسپیکر نے منظور کیے جب کہ باقی اس بنا پر منظور نہیں کیے گئے کہ ان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ قواعد کے مطابق استعفے کی منظوری سے قبل اسپیکر اس کی تصدیق کرتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو سپریم کورٹ میں لے کر جا رہے ہیں لیکن چونکہ سپریم کورٹ میں اس وقت دسمبر کی تعطیلات ہیں اس لیے کوئی بینچ بھی دستیاب نہیں ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ معاملہ پہلے ہی چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے سامنے موجود ہے اور بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چونکہ مذکورہ بینچ دستیاب نہیں ہے اس لیے اس معاملے پر مزید مشاورت ہو رہی ہے کہ اب اس معاملے کو کیسے سپریم کورٹ میں لے جایا جائے۔

صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس آج جمعرات کو طلب کر رکھا ہے۔ توقع ہے کہ آج کے اجلاس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق بل منظور کیا جائے گا۔

pti

Supreme Court of Pakistan

PTI Resignation

politics Dec 22 2022